اسلام آباد (جیوڈیسک) امیرجماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج نے طالبان کے مذاکرات کی پیش کش کوسنجیدگی سے نہیں لیا۔ ملک میں امن کے لیے طالبان کی پیش کش کو قبول کرلینا چاہیے۔
اسلام آباد ڈسٹرکٹ بارمیں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیرسید منورحسن نے کہا کہ قومی سطح پرکسی بھی طرح کے اتحاد کی صورت نظر نہیں آتی۔ ہم اس نتیجے پرپہنچ چکے ہیں کہ انتخابات کی تاریخ دے دی جائے اوراسمبلیاں تحلیل ہوجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال میں اس حکومت نے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا ۔ ہزارہ برادری سے کیے گئے وعدے بھی پوری نہیں ہونگے۔
تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منور حسن کا کہنا تھا کہ صاف شفاف انتخابات کے لیے گورنر کی تبدیلیوں سمیت اپوزیشن کے تمام مطالبات پورے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نے پچھلے بارہ سال میں سوائے گرفتار قاتلوں کو چھڑانے اور سازشیں کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب کے درمیان محاذ آرائی سے منفی پیغام دیا جا رہا ہے۔