نیویارک(جیوڈیسک) نوبل انعام کے بعد فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ آسکرز بھی متنازع اور سیاست زدہ ہوگئے۔ایران مخالف فلم آرگو کو بہترین مووی کا آسکر ایوارڈ ملنے پر ایرانی حکومت نے تنقید کی ہے جبکہ امریکا نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ فلم آرگو کی کہانی 1979 میں تہران میں 6 امریکی سفارت کاروں کو یرغمالی بنانے کے واقعے پر مبنی ہے۔
آرگو کیلئے آسکر ایوارڈ کا اعلان امریکی خاتون اول مشیل اوباما نے وڈیو لنک پر کیا۔ ایرانی وزیر ثقافت محمد حسینی کا کہنا ہے کہ فلم آرگو کی کوئی فن کارانہ قدر و قیمت نہیں ہے، اس فلم کو بھاری سرمایہ کاری اور اشتہاری مہم کے ذریعے آسکر ایوارڈ دلایا گیا تاکہ دنیا بھر میں اِسے اور زیادہ توجہ حاصل ہوسکے۔
ادھر واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے قائم مقام نائب ترجمان نے کہا ہے کہ آرگو کو بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ ملنے پر امریکا کو خوشی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس فلم کی تیاری میں امریکی حکومت نے کسی حد تک تعاون کیا ہے۔