مردان میں پولیو ٹیم پر حملہ، پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا

Mardan

Mardan

مردان(جیوڈیسک) مسلح افراد کا پولیو ٹیم پر حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا جبکہ پولیو ٹیم بال بال بچ گئی،ملزمان سرکاری بندوق چھین کر فرار ہوگئے۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز ڈیڑھ بجے کے قریب تھانہ شیخ ملتون کے علاقہ خاو غلہ ڈھیر میں پیش آیا جہاں خواتین پر مشتمل پولیو ٹیم گھروں کے اندر پولیو قطرے پلارہی تھی کہ اس دوران 2 مسلح نقاب پوش نے ٹیم کے سیکورٹی پر مامور اہلکار پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل سعید احمد موقع پر جان بحق ہوگیا مسلح افراد فرار ہوتے وقت سرکاری بندوق بھی چھین کر لے گئے۔

ڈپٹی کمشنر مردان ذکا اللہ خٹک نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف علاقوں میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم جاری تھا اور آج اس کا دوسرا دن تھا کہ یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا ان کا کہنا تھا کہ تازہ واقعے کے بعد پولیو ٹیمیں کے ساتھ علاقے کے بااثر افراد کو شامل کیا جائے گا تاکہ پولیو مہم کو ہر صورت میں مکمل کیا جا سکے ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بھر میں پولیو مہم بدستور جاری رہا ادھر واقعے کے بعد شہر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی اور ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔

ریسکیو 1122کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے واقعے میں جان بحق ہونے والے اہلکار کی لاش مردان میڈیکل کمپلکس پہنچا دیا۔یاد رہے کہ مردان میں گذشتہ ڈیڑھ ماہ میں پولیو ٹیم پر یہ دوسرا حملہ ہے۔