حضور غوث الاعظم سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی علیہ الرحمہ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں : محمد حنیف طیب
Posted on February 26, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی (جی پی آئی)سنی اتحاد کونسل کے سیکریٹری جنرل ، نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا ہے کہ حضور غوث الاعظم سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی علیہ الرحمہ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اولیائے کرام کی تعلیمات پر عمل پیر ا ہوکر ہم اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ تاج الدین صدیقی کی رہائش گا ہ آگرہ تاج کالونی میں منعقدہ سالانہ گیارہویں شریف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر علامہ تاج الدین صدیقی ، قاری سجاد سعیدی ، محمد سلیم عطاری ،محمد مجید بخاری ،مولانا غلام سرور قادری،محمد سعیدسعیدی، محمد مزمل قادری و دیگر بھی موجود تھے۔ حاجی محمد حنیف طیب نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ غوث الاعظم نے اپنے شب و روز اسلام کے لئے وقف کئے ۔آپ مادرزاد ولی تھے ۔لیکن آپ نے ریا ضت اور مجاہدے کے راستے کو اپنایا۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے غوث پاک کی پاکیزہ تعلیمات ہمارے لئے آئیڈیل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غوث اعظم کا وعظ سننے کیلئے ستر ہزار لوگ بیک وقت شریک ہوتے اور بغیر لائوڈ اسپیکر کے سارے لوگ پرسکون آپ کی گفتگو سنتے اور آپکے نکات لکھنے کیلئے چار سو افراد موجود رہتے۔ جن میں علما و فقہا،اور اکابر اولیا کرام بکثرت ہوتے ۔ حضور غوث الاعظم نے مشرکوں ، ملحدوں اور کافروں کو توحید الہی سے آشنا کیا بدعتوں کا خاتمہ فرماکر شریعت کا تابع اور سنت محمدی کا پیروکار بنا دیا دلوں کو کفر و شرک۔ْ
منافرت ، حسد و کینہ ، لالچ ،ہوس وطلب دنیا جیسی غلاظتوں سے پاک و صاف فرماکر عشق الہی اور حب مصطفی کی وہ شمعیں فروزاں فرمائیں جن کی درخشندگی پر وقت کی گرد اثر انداز نہ ہوسکے گی اور تا قیامت آپ کی ذات ِ با برکت حق کیلئے مینارہ نور رہے گی۔ آپکی تعلیمات صراط مستقیم کا کام دیتی رہیں گی اور آپکے فیض یافتہ خلفا رشد و ہدایت سے عشق و معرفت اور ذکر و فکر کی قندیلیں روشن کرتے رہیں گے۔ آپ نے ا س دور کے حکمرانوں کے غیر شرعی فیصلوں کی شدیدگرفت کی اور انکو راہ راست پر لانے کے اقدامات کئے۔