لاہور(جیوڈیسک) منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ کچھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے دہشت گردوں کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن مک مکا کا الزام ہٹانا چاہتا ہے تو سیاسی دھڑوں کے دبا میں نہ آئے۔
منہاج سیکرٹیریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کوئٹہ سانحے میں گرفتار افراد کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی۔کچھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے دہشت گردی کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔ دہشت گردی اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے درگاہ حاجن شاہ پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اچھے اقدامات کو سراہیں گے۔
الیکشن کمیشن کی تحلیل پر ہمارے تحفظات کو واضح نہیں کیا گیا۔ طاہرالقادری نے کہا کہ کرپشن دھونس دھاندلی نہ روکی گئی تو جمہوریت برقرار رکھنے کیلئے یہ آخری الیکشن ہونگے۔ عوامی نمائندگی ایکٹ کے حوالے سے ترمیمی بل صدر کو بھجوا دیا گیا ہے۔ اس میں ہمارے لانگ مارچ کے مطالبات شامل ہیں۔
آئین کے تحت ارکان کے تمام کوائف حاصل کئے جائیں اور اثاثوں کی تفصیلات اخبارات کے ذریعے عوام تک پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کل یا پرسوں کینیڈا جا رہا ہوں اور دس روز بعد واپسی ہوگی۔