لندن (جیوڈیسک)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان دو سال کی طویل غیر حاضری کے بعد اپنے ہوم رنگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔وہ ستائیس اپریل کو شفیلڈ میں امریکا کے جولیو ڈیاز کے مد مقابل آئیں گے۔
عامرخان اور امریکا کے جولیو ڈیاز کے درمیان مقابلہ ستائیس اپریل کو شفیلڈ موٹر پوائنٹ ایرینا میں ہو گا،جس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔چھبیس سالہ سابق چیمپئن عامر خان جنہیں گذشتہ سال لیمونٹ پیٹرسن اور ڈینی گارشیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اس مرتبہ کامیابی کے لیے پر عزم ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ جولیو ڈیاز کو شکست دے کر ایک مرتبہ پھر عالمی اعزاز کے حصول کا سفر شروع کریں گے۔عامر خان کے حریف تینتیس سالہ جولیو ڈیاز کا کہنا ہے کہ عامر خان کے خلاف کامیابی کے لیے پر امید ہیں۔