کراچی : سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف نے کہا کہ کراچی میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اس صرف نکھارنے کی ضرورت ہے کراچی کی ٹیموں کا سلیکشن میرٹ کی بنیاد پر کیاگیا ہے اور کراچی بلیوز نے قائد اعظم ٹرافی کے لئے کوالیفائی کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ میرٹ پر منتخب ٹیمیں بہترین پرفارمنس پیش کرتی ہیں انہوں نے لانڈھی جیم خانہ گرائونڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح سبز و شاداب گرائونڈ لانڈھی کورنگی کے کرکٹرز کے لئے انمول تحفہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے سی سی اے زون V کے زیر اہتمام ڈاکٹر محمد ذکی خان میموریل کر کٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر لانڈہی جیم خانہ گرائونڈ پر آرگنائزر اور کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ پروفیسر سراج الاسلام بخاری، ایڈمنسٹریٹر و چیف آفیسر کورنگی ٹائون محمد سمیع خان، پروفیسر اعجاز فاروقی ، کے سی سی اے اسسٹنٹ سیکریٹری شفیق کاظمی ، تو صیف صدیقی ،خازن وسیم الدین، ممبر کے سی سی اے کونسل خالد نفیس ،مشیر ربانی،ظفر احمد، ایس ایم عادل ، افتخارالزماں خاں سید محمد احمد نقوی اور شہزاد عالم بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر و چیف آفیسر کورنگی ٹائون محمد سمیع خان نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ لانڈہی کورنگی میں کر کٹ کے حوالے سے بہت ٹیلنٹ موجود ہے انہوں نے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے اور اس طرح کے ٹورنامنٹ کے زریعے نوجوان اپنے ٹیلنٹ کو نکھار نے کے مواقع میسر آتے ہیں اس گرائونڈ میں نوجوانوں کو کھیل کود کی بہترین سہولیات موجود ہیں جس سے صحت مندانہ سرگرمیوں میں ناصرف اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو بھی کھیلوں کے ذریعے بہترین تفریحی کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں مزید کہاکہ کھیل قومی یکجہتی ، باہمی اخوت و محبت اور ہم آہنگی کا درس دیتے ہیں یہ کھیل ہی تمام سیاسی وابستگیوں اور زبان و قومیت کو پس پشت ڈال کر باہم شیرو شکر رکھنے کا واحد ذریعہ ہے اس موقع پر کے سی سی اے کے صدر سراج الاسلام بخاری ، سیکریٹری پروفیسر اعجاز فارقی اور خالد نفیس نے بھی خطاب کیا۔
فائنل میچ میں ایڈوانس ٹیلی کام نے ٹویوٹا سدرن کوباآسا نی 7 وکٹ سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا آخر میں مہمان خصوصی سابق ٹیسٹ کر کٹرراشد لطیف اور ایڈمنسٹریٹر و چیف آفیسر کورنگی ٹائون محمد سمیع خان نے ونر اور رنر ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافی اور کیش پرائز کے انعامات تقسیم کئے اور فائنل کے بہترین کھلاڑی ریحان شیخ قرار پائے۔