واشنگٹن(جیوڈیسک) امریکی سینیٹ نے چک ہیگل کو وزیر دفاع بنانے کی منظوری دے دی ہے، وہ آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ سینیٹ میں رائے شماری کے دوران 58 ارکان نے چک ہیگل کی حمایت اور 41 ارکان نے مخالفت کی۔ ری پبلکنز کی جانب سے چک ہیگل کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے باوجود ری پبلکن پارٹی کے4 سینیٹرز نے ان کے حق میں ووٹ دیئے۔ چک ہیگل صدر اوباما کے تحت کام کرنے والے تیسرے وزیر دفاع ہیں جو آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
ری پبلکن پارٹی نے ایران اور اسرائیل سے متعلق چک ہیگل کے نظریات کی وجہ سے انہیں وزیر دفاع بنانے کی سخت مخالفت کی تھی۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ چک ہیگل اسرائیل مخالف رویہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے عراق میں امریکی فوج کی تعداد میں اضافے کے فیصلے پر بھی اختلاف کیا تھا۔