27 فروری کو کراچی بار کے زیر اہتمام سٹی کورٹ سے مزار قائد تک امن مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے: محمود حامد

کراچی (جی پی آئی)کراچی کے تاجر وکلا برادری کے امن مارچ کا خیر مقدم کرتے ہیں اور 27 فروری کو ہائی کورٹ بار اور کراچی بار کے زیر اہتمام سٹی کورٹ سے مزار قائد تک امن مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے ۔ اس بات کا اعلان آج اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کراچی نے صدر ‘ محمود حامد نے سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر امین لاکھانی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

اس موقع پرکراچی کے نائب صدر عثمان شریف ‘ تنویر باڑی’ عبدالماجد اور لیاقت قاضی بھی موجود تھے ‘ وکلا کے وفد میں اقبال ایڈووکیٹ ‘ عبدالصمد ایڈووکیٹ اوریوسف مولوی ایڈووکیٹ موجو دتھے۔ وکلا رہنمائوں نے 27 فروری کو ہونے والے وکلا امن مارچ میں تاجروںکو شرکت کی دعوت دی انہوں نے مارچ مارچ کے اغراض ومقاصد بتاتے ہوئے کہاکہ کراچی میں بھتہ خوری کے خاتمے اور امن کی بحالی کے شہر کے تمام طبقوں کو کردار ادا کرنا ہوگا ۔ اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر نے وکلا برادری کے امن مارچ کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور کہاکہ ہمیں امید ہے کہ عدلیہ کی بحالی کیلئے جس طرح وکلا نے کردار ادا کیا۔

چیف جسٹس کو بحال کروا کر آمروقت کو رخصت کیاتھا اسی طرح وکلا برادری کراچی میں بحالی امن کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرے گی اور وکلا اس تحریک میں تاجروں کو اپنے شانہ بشانہ پائیں گے ۔ تاجر رہنمائوںنے دو اور تین مارچ کوآرٹس کونسل میں ہونے والی وکلا امن کانفرنس میں بھی شرکت کی دعوت کو قبول کرلیا۔ انہوں نے ہائی کورٹ اورکراچی بار کے صدر کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں وکلا امن مارچ اور وکلا امن کانفرنس میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔