سری لنکا کے لئے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنرمیجر جنرل ریٹائرڈ قاسم قریشی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر ظفر بختاوری سے پاکستان اور سری لنکا کے باہمی تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ سری لنکا میں موجود تجارتی مواقعوں کے بارے میں پاکستان کی تاجر برادری کو آگاہ کریں گے تاکہ وہ ان سے استفادہ کرتے ہوئے سری لنکا کے ساتھ اپنی تجارت کو فروغ دے سکے۔
انہوں نے صدر آئی سی سی آئی کو یقین دلایا کہ وہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو ترقی دینے کے لئے ہر ممکن کو شش کریں گے۔ اس موقع پراسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی گنجائش موجود ہے کیونکہ سری لنکا پہلا ملک ہے ، جس نے پاکستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لئے آزادانہ تجارت کا معاہدہ کیا ہوا ہے۔