اسلام آباد(جیوڈیسک)سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں آئی ایس آئی یا فوج کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔ ان کاکہناہے کہ کراچی سمیت کسی ایئرپورٹ پر غیر ملکیوں کو کمپانڈ تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا عذرا فضل کی صدارت میں اجلاس ہوا ۔
جس میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی ایئر پورٹ پر امریکیوں کی جانب سے کمپانڈ کی تعمیر کی خبر درست نہیں ، معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ سیکرٹری دفاع کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران فوج صرف حساس مقامات پر سیکورٹی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی، مسلح افواج باہمی تعاون سے سیکیورٹی کو بہتر بنا رہی ہیں اورتینوں مسلح افواج میں کسی بھی خطرے کامقابلہ کرنے کیلئے باہمی تعاون موجودہے۔