ووٹ وہ قلم ہے جو قوم کو اپنی تقدیر لکھنے کا موقع دیتا ہے، عمران چنگیزی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سیاسی وگروہی مفادات کی خاطر دانستہ پیدا کی جانے والی لسانیت، منافرت، فرقہ پرستی ،انتشار، بد امنی اور دہشت گردی نے ملکی معیشت کو برباد کر دیا ہے ،صنعتی، کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کی بندش نے عوام سے روزگار چھین لیا ہے جبکہ قومی ضروریات کو فراموش کرکے زائد منافع کے لالچ میں اشیائے صرف کی بیرون ملک بڑھتی ہوئی اسمگلنگ نے جس مہنگائی کو فروغ دیا ہے اس نے عوام کو دو وقت کی روٹی اور بچوں کو دودھ سے محروم کر دیا ہے۔

مسلکی قوت کے اظہار کیلئے مساجد پر قبضے کے ساتھ سیاسی طاقت کے مظاہرے کیلئے درسگاہوں پر تسلط کی روایت نے تعلیم کا بھی بیڑہ غرق کر دیا ہے اور ہماری یونیورسٹیاں تعلیم یافتہ بدمعاش اور مدرسے دہشت گرد پروڈیوس کرنے کی فیکٹریوں میں تبدیل ہو چکے ہیں جو یقینا آنے والے خوفناک مستقبل کی نشاندہی ہے۔

نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے آرگنائزر عمران چنگیزی نے کہا کہ اگر ہم اپنی آئندہ نسلوں کو تہذیب و تمدن اور تعلیم یافتہ کے ساتھ آسودہ ، مطمئن ، محفوظ اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں تو پھر ہمیں نظام کی تبدیلی کیلئے اپنے ووٹ کا استعمال کرنا ہوگا اور لازم کرنا ہوگا کیونکہ اگر اب کی بار بھی ہم نے کردار و عمل کی بجائے مسلک لسانیت اور شخصیت کی بنیاد پر قیادت کا انتخاب کیا تو ہم یہ آخری موقع بھی ضائع کر دیں گے جو قدرت نے ہمیں توبہ و استغفار اور بخشش ونجات کیلئے عطا کیا ہے۔