سیالکوٹ (جیوڈیسک)قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں سیالکوٹ کی ٹیم کراچی بلیوز کے خلاف مشکلات میں گھری ہوئی ہے۔ اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید دس رنز کی ضرورت ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری پانچ روزہ فائنل کے چوتھے روز کے اختتام پر سیالکوٹ نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں پر ایک سو نواسی رنز بنائے ہیں۔ اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید دس رنز درکار ہیں جبکہ اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔
سیالکوٹ نے پہلی اننگز میں دو سو انتیس رنز بنائے تھے، جواب میں کراچی بلیوز نے اکبر الرحمان کے ایک سو اٹھہتر رنز کی بدولت چار سو اٹھائیس رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
سیالکوٹ کی امیدوں کا مرکز محمد ایوب ہیں جو ستاون رنز پر کھیل رہے ہیں ان کے ساتھ ذیشان مشتاق دو کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔