آئندہ جنرل الیکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی کو بدترین شکست ہو گی : قاری زوار بہادر
Posted on February 28, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
ڈنگہ(جی پی آئی)جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل قاری زوار بہادر نے جامعہ رضویہ ضیا القرآن ڈنگہ کے تعزیتی دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ جنرل الیکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی کو بدترین شکست ہو گی۔ قوم ان سے انتقام لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ میں بھی پیپلزپارٹی کو کافی نشستوں سے ہاتھ دھونا پڑیں گے ۔ اندرون سندھ میں حالات کافی خراب ہیں ۔ مسلسل ڈاکے کی وارداتیں ‘ اغوا ‘ چوریاں چکاریاں عام ہیں ۔ لوڈشیڈنگ کا جن قابو سے باہر ہے۔
گنجان آبادیوں میں لوڈشیڈنگ کے سبب عوام کو سخت تکلیف کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن ملکی تاریخ کے فیصلہ کن الیکشن ہوں گے ۔ ملک کے مخالف موجودہ حالات سے خوش نظر آ رہے ہیں ۔ لوٹ مار کرنے والے ملک کو جس سمت لے جا رہے ہیں وہ تباہی کا راستہ ہے ۔ کوشش ہے کہ باکردار اور اچھے لوگوں پر مشتمل ایک ٹیم ملک کو میسر آ جائے جو اسے بحرانوں سے نکال سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں سے گرینڈ الائنس بنا کر الیکشن لڑنے کے لئے بات چیت چل رہی ہے۔
انشا اللہ مثبت نتائج برآمد ہوں گے ۔ کوشش کر رہے ہیں کہ کراچی اور حیدر آباد میں ایم کیو ایم کو سیاسی شکست سے دوچار کریں اور وہاں کی صورت حال تبدیل ہو جائے ۔ ایم کیو ایم کی ہر بات جھوٹ اور منافقت پر مشتمل ہوتی ہے ۔ اب حکومت سے علیحدگی کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے گزشتہ 25سالوں سے مینڈیٹ کو یرغمال بنایا ہوا ہے ۔ اسلحہ کے زور پر ووٹ ڈالوا ئے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدر آباد میں اگر مکمل طور پر غیر جانبدارانہ انتخابات کروائے جائیں تو ایم کیو ایم کا راستہ رک سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت الیکشن کمیشن کے موجودہ اقدامات سے مطمئن ہے ۔ زیادہ سے زیادہ سکروٹنی کی جائے اور قانون پر عمل درآمد کرایا جائے تا کہ اچھے لوگ آگے آ سکیں ۔ کراچی کے حوالے سے ہم نے الیکشن کمپین کو اپنی شکایات درج کروائی ہیں ۔ جمعیت علمائے پاکستان آئندہ الیکشن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔