اٹلی (جیوڈیسک)پوپ بینڈکٹ شانز دہم آج مستعفی ہو رہے ہیں۔ اٹلی میں انہوں نے الوداعی خطاب کیا جس میں دو لاکھ کے قریب عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
اٹلی میں سینٹ پیٹر اسکوائر پر انہوں نے الوداعی خطاب کیا جو دو لاکھ کے قریب عقیدت مندوں نے سنا۔ پچاسی سالہ بینڈکٹ دو ہزار پانچ میں پوپ جان پال دوئم کے انتقال کے بعد پاپائے روم منتخب ہوئے تھے۔
پوپ بینڈکٹ آخر ی بار اپنی خصوصی گاڑی پوپ موبائل میں عقیدت مندوں کے درمیان نظر آئے۔ الوداعی خطاب میں انہوں نے عقیدت مندوں سے کہا کہ وہ نئے سربراہ اور کارڈینلز کیلئے دعا کریں۔
ان کی نیک تمنائیں اور دعائیں ہمیشہ چرچ کے ساتھ ہوں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے فیصلے کی شدت سے آگاہ ہیں لیکن انہوں نے جو بھی کیا چرچ کی بھلائی کیلئے کیا۔
پوپ بینڈکٹ چھ سو سالوں میں رومن کیتھولک چرچ کی سربراہی سے مستعفی ہونے والے پہلے پوپ ہیں۔ وہ آج اپنے کارڈ ینلز سے ملاقات کریں گے جس کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہ کاسل گاندولفو میں واقع گرمائی رہائش گاہ منتقل ہو جائیں گے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد پوپ بینڈکٹ کو پوپ ایمریٹس کا لقب دیا جائے گا اور وہی لباس زیب تن کریں گے جو وہ رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا کے طور پر پہنا کرتے تھے۔ بینڈکٹ یہ کہہ چکے ہیں وہ سبکدوش ہونے کے بعد خاموشی سے عبادت اور مراقبے کی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔