کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور دوزخمی ہوگئے،مواچھ گوٹھ کے علاقے میں پولیس نے ٹارگٹیڈ آپریشن میں 6 مبینہ ملزمان گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاون نمبر 8 میں فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں،اولڈ سٹی ایریا کے علاقے نیپئر روڈ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے، جسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔
حسن اسکوائر کے قریب نامعلوم افارد کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔رات گئے طارق روڈ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا،جسے طبی امداد کے لئے اسٹیڈڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا،مقتول کی شناخت 23 سالہ محسن کے نام سے ہوئی ہے۔
محمود آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوگیا۔دوسری جانب مواچھ گوٹھ میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 6 مبینہ ملزمان کو گرفتار کر کے ہتھیار برآمد کر لیے ،پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق گینگ وار سے ہے۔