کراچی (جیوڈیسک)کراچی پاسکو اور محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے گندم کی فراہمی اچانک بند ہوگئی۔ کراچی سمیت سندھ میں بڑی مشکل سے تھمنے والا آٹے کا بحران ایک بار پھر پیدا ہونے کا خطرہ کھڑا ہوگیا ہے۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق محمکہ خوراک کی جانب سے کراچی کی پچھتر فلور ملز کو یومیہ سات سو بوری گندم کی فراہمی بغیر وجہ بتائے اچانک بند کردی گئی ہے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ میں دائر ایک درخواست پر حکم امتناعی جاری ہونے کے باعث پاسکو سے ملک بھر کو چار لاکھ ٹن گندم کی فراہمی بھی رک گئی ہے۔ جس میں بڑا حصہ سندھ اور کراچی کیلئے تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم کی فراہمی بند ہونے سے کراچی سمیت سندھ میں ایک بار پھر آٹے کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا قوی امکان ہے۔ اس حوالے سے اے آر وائی نیوز نے ڈائریکٹر فوڈ طالب مگسی کو متعدد فون کئے تاہم انہوں نے فون رسیو نہیں کیا۔