وینز ویلا(جیوڈٰسک)لاطینی امریکا کے ملک وینزویلا کے صدر ہیوگوشاویز انتقال کر گئے۔ اٹھاون سالہ صدر شاویز کینسر میں مبتلا تھے۔ ان کے انتقال پر ملک بھر میں سات روز کے سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
صدر ہیوگو شاویز کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد ہزاروں لوگ سوگ منانے گھروں سے نکل آئے اور ملٹری اسپتال کے باہر جمع ہو گئے جہاں شاویز زیرعلاج تھے۔ اس موقع پرشاویز کے حامی شدت غم سے نڈھال تھے اور لوگ دھاڑیں مار مار کر رو رہے تھے۔
شاویز کے حامیوں کا کہنا تھا کہ شاویز انقلاب کی جو شمع روشن کر کے گئے ہیں اسے بجھنے نہیں دیا جائے گا۔ شاویز کی میت ملٹری اسپتال سے ملٹری ہال منتقل کی جائے گی جہاں اسے جمعے تک عام دیدار کے لئے رکھا جائے گا۔
شاویزکی تدفین جمعہ کو کی جائے گی۔ ملکی آئین کے تحت نیشنل اسمبلی کے صدر قائم مقام صدر کے فرائض اس وقت تک انجام دیں گے جب تک صدارتی انتخابات نہیں ہو جاتے۔ صدارتی انتخابات تیس دن کے اندر کرائے جانے کا امکان ہے۔