کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ذریعے شہر کراچی کو تاریکی میں دھکیلنے والوں کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا قائد تحریک محترم الطاف حسین کی قیادت میں بلا تفریق رنگ و نسل عوامی خدمت اور ترقی کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے کراچی کو عروس البلاد اور عوام کو مسائل سے پاک معاشرے کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل ٹائون کے متعلقہ بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون کی تمام یونین کونسل کا تفصیلی دورہ کرکے شاہ فیصل میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور حق پرست اراکین اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز سے جاری علاقائی ترقیاتی منصوبوں پر کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لائیں عوامی مسائل کا خاتمہ خصوصاً فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوام کو درپیش مسائل کو حل کیا جائے۔
اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری اقدامات میں بلدیاتی اداروں سے تعاون کیا جائے بعد ازاں شاہ فیصل ٹائون کی مختلف یونین کونسل میں حق پرست اراکین اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز کے ذریعے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کا معائنہ کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور منصوبوں کو وقت مقررہ پر مکمل کیا جائے ۔