ایران (جیوڈیسک)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مغربی ارکان نے ایران کے جوہری پروگرام کو عالمی امن کے لئے خطرہ قرار دیاہے۔
بدھ کے روز ایران کے بارے میں ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران برطانیہ اور امریکہ کے سفیر برائے اقوام متحدہ نے اپنے خطاب میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ایران کے جوہری پروگرام پر گہری نظریں ہیں۔ اکیس فروری کو عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران مسلسل اپنی یورینیم کی افزودگی کے ساتھ اس کی تنصیبات کی بھی توسیع کر رہا ہے۔
ایران پہلے ہی بیس فیصد یورینیم افزودگی کرچکا ہے اور یورینیم افزودگی کا عمل مسلسل جاری ہے جبکہ ایران اب بھی اپنی مقررہ ضرورت سے بہت دور ہے۔ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران کو ایجنسی کے تحقیقاتی معائنہ کاروں سے تعاون کرنا چاہیئے۔
مغربی ممالک کی جانب سے ایران کو تنبیہ کی گئی ہے کہ ایران نے اگر جوہری پروگرام ترک نہ کیا تو ایران کو سخت اقتصادی پابندی کے ساتھ آئل کی فروخت کو محدود کرنیکا بھی سامنا ہو گا جبکہ ایران کا اپنے دفاع میں کہنا ہے کہ جوہری پروگرام پرامن ہے جس کا مقصد ملکی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔