جماعت اسلامی کراچی نے کہا ہے کہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ہونے والا بم دھماکہ شیعہ سنی فسادات کرانے کی امریکی سازش کا حصہ ہے
Posted on March 8, 2013 By Geo Urdu کراچی
کراچی : 7کراچی مارچ (این این اے) جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر برجیس احمد نے کہا ہے کہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ہونے والا بم دھماکہ شیعہ سنی فسادات کرانے کی امریکی سازش کا حصہ ہے’ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کوخطرے سے دوچار کرنے والی قوتیں ہی اس سانحے کی ذمہ دار ہیں۔ حکومت واقعے کی فوری تحقیقات کرے اور متاثرہ خاندانوں کومعاوضہ اور رہائش فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری نسیم صدیقی’ نائب امیرسید محمد اقبال اور دیگر بھی موجود تھے۔ برجیس احمد نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ ایک منظم سازش کے تحت پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کرانے کی کوشش کی جارہی ہے’ شیعہ سنی کو باہم دست وگریبان کرنے اور ایران کو تنہا کرنے کیلئے امریکی عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں’ امریکا پاک ایران گیس معاہدے کو سبوتاژ کرنے کیلئے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے’ امریکا بھارت اور اسرائیل ملکی سلامتی کے خلاف سازشیں کررہے ہیں مگر شیعہ اورسنی دونوں متحد اور یکجان اور وہ امریکی سازشوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کوئٹہ ‘کراچی اورپشاور میں ہونے والے بم دھماکے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش ہے ایسی ہی صورتحال پیدا کی جارہی ہے کہ کوئی امریکا کے سامنے کھڑا نہ ہوسکے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے مفاہمتی پالیسی کے تحت دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ دیدی ہے’ اتحادی حکومت میں جرائم پیشہ عناصر شامل ہیں اور کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں جب تک مجرموں کو گرفتار کر کے سزا نہیں دی جاتی شہر میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کراچی کے عوام پر عذاب بن کر نازل ہوئی ہے’ پانچ سالوں میں 9 ہزار بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی لیکن کسی ایک کے بھی قاتل گرفتار نہیں کئے جاسکے۔ ملک دشمن عناصر بم دھماکوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کررہے ہیں’ ملک بھر میں ہونے والے پے درپے بم دھماکے حکومت ‘ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایجنسیوں کی کھلی ناکامی ہے۔
کراچی میں آئے روز امن وامان کی صورتحال انتہائی ابتر ہو تی جارہی ہے ‘ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک بے گناہ لوگوں کے قاتلوں کوگرفتار کرنے کے بجائے صرف پیشگوئیاں کرنے کو ہی اپنی ذمہ داری سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج اگر شہر میں بدامنی اور قتل وغارت گری ہے تو اس کی واحد وجہ یہ ہے کہ شہر پر دہشتگرد ٹولے کا قبضہ ہے اورجعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں نے شہر کے امن کو تاراج کردیا ہے’شفاف انتخابات کا انعقاد ہی شہر میں قیام امن کا ضامن ہوسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ بم دھماکے پر پوری قوم سوگوار ہے مگر اس کی آڑ میں شہر میں قتل وغارت گری کا بازار گرم کرنااور غیر معینہ مدت تک کیلئے ہڑتال کا اعلان عوام دوستی نہیں بلکہ عوام دشمنی ہے ۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے’ بم دھماکے سے تباہ ہونے والے اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں اور نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔
کراچی میں دینی مدارس کے طلباء اور علماء و عوام کے ناحق قتل کیخلاف دینی مدارس کے طلباء نے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا علان کیا ہے۔ گیارہ مارچ کو پارلیمنٹ کے سامنے طلباء کتابیں پڑھتے ہوئے احتجاج کریں گے۔چکوال سے پیر عبدالشکور نقشبندی کی قیادت میں طلباء پارلیمنٹ ہائوس احتجاج میں شریک ہونگے۔
تین روزہ سالانہ روحانی اجتماع13تا15مارچ کو دارالعلوم حنفیہ چکوال میں منعقد ہو رہا ہے۔مولاناحافظ عبدالرحیم نقشبندی کی صدارت میں منعقدہ اجتماع کا جائزہ لینے کے لیے صاحبزادہ محمود الحسن، صاحبزادہ حبیب الرحمن، صاحبزادہ عبدالسلام، صاحبزادہ عبدالمنان،
صاحبزادہ عمر فاروق، مفتی انعام الرحمن، مولانا غلام مرتضیٰ پر مشتمل انتظامی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے کمیٹی کے سربراہ پیر عبدالشکور نقشبندی ہیں۔