خواتین کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ سوشل ویلفیئر، جینڈر سپورٹ یونٹ اور محکمہ صحت کے اشتراک سے پاک مکتب سکول سے بہاول وکٹوریہ ہسپتال تک ایک واک کی گئی
Posted on March 9, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
بہاولپور (رپورٹ، این این اے)خواتین کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ سوشل ویلفیئر،جینڈر سپورٹ یونٹ اور محکمہ صحت کے اشتراک سے پاک مکتب سکول سے بہاول وکٹوریہ ہسپتال تک ایک واک کی گئی۔واک کی قیادت ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسر کمیونٹی ڈویلپمنٹ سید نجف عباس بخاری نے کی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر حاجی اشتیاق احمد، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ہیڈ کوارٹر ڈاکٹر عمر فاروق،ڈی او سول ڈیفنس چوہدری محمد ارشد۔
ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن شازی حشمت، ڈی ڈی او سوشل ویلفیئر محمد عزیر، تنزیلہ رانی، مسز انیلہ آصف ، سوشل ویلفیئر کے افسران، سماجی کارکنان، خواتین اور سول سوسائٹی کے ممبران بڑتی تعداد میں موجود تھے۔ شرکاء واک نے خواتین کے حقوق کے حوالہ سے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
بعد ازاں ڈی او سپیشل ایجوکیشن شازی حشمت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عورتوں کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت قومی ترقی کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو ان کا حق دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں 8مارچ خواتین کے حقوق کے حوالہ سے منایا جاتا ہے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کو ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کے لئے بھرپور موقع دیا جائے۔
ڈی او سوشل ویلفیئر حاجی اشتیاق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے گرانقدر اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب دفاتر میں کام کرنے والی خواتین میٹرنٹی پر رخصت حاصل کرنے کے لئے اپنے افسر مجاز کو درخواست دے کر چھٹی لے سکتی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ خاتون کے شوہر کو بھی حکومت نے سات یوم چھٹی لینے کی اجازت دے دی ہے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر محمد عزیر نے کہا کہ عورت کو بلند مقام دلا کر معاشرہ کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کی واک کا مقصد خواتین کو ان کے حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ حکومت نے ملازمت کے حصول کے لئے خواتین کا 15فیصد کوٹہ مختص کر دیا ہے۔