کراچی : شاہ فیصل ٹائون کے تعاون سے شاہ فیصل فٹ بال اسٹیڈیم میں رحیم محمڈن اور اُسامہ اسپورٹس کے زیر اہتمام کھیلے جانے والے آل سندھ انور خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد جھلندر اسپورٹس لانڈگی نے چنیسر بلو کو 4-2سے شکست دیکر اگلے رائونڈ کے لئے رسائی حاصل کرلی۔
کھیل کے چھٹے منٹ میں فاتح ٹیم کی جانب سے اسٹرائیکر مقصود نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0 سے آگے بڑھایا لیکن 23 ویں منٹ میں چنیسر بلو کے فرید نے گیند کو جال میں ڈال کر اس برتری کا خاتمہ کردیا جبکہ دوسرے ہاف میں فاتح ٹیم کے مقصود نے ایک بار پھر گیند کو گول پوسٹ کی راہ دکھا کر مقابلہ 2-1کردیا اور کھیل کے دوران مقصود کے خوبصورت کراس پر سلیم نے گول کرکے مقابلہ 3-1کردیا۔
جبکہ چنیسر بلو کی جانب سے دانیال نے اپنے ٹیم کے لئے مزید ایک گول کرکے مقابلہ3-2کردیا کھیل کے آخری لمحات میں جھلندراسپورٹس کے گل داد خان نے چوتھاگول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مزید مستحکم کردیا اور مقابلہ 4-2کے اسکور پر ختم ہو ا۔کھیل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کا مہمان خصوصی انجمن تاجران کے رہنماء عبدالجبار راہی نے ملاقات کیا اس موقع پر ٹورنامنٹ کمیٹی کے منتظمین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے.