کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ عوام کو صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کے قیام کے ساتھ فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے درپیش مسائل کو حل کیا جائے ،بلدیاتی اداروں کے افسران بلا تفریق عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے عوام کو مسائل سے پاک معاشرے کا قیام ممکن بنائیں ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل ٹائون کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے علاقائی مسائل کا معائنہ اور علاقہ مکینوں سے ملاقات کرکے علاقائی مسائل کے حوالے سے درپیش شکایات سننے کے بعد متعلقہ محکموں کو ہدایت دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے بلدیاتی افسران سے کہاکہ عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لائیں صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری اور فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے تندہی کے ساتھ انتظامات کئے جائیں مختلف علاقوں کے دورے پر علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ حق پرست اراکین اسمبلی اور ایم کیو ایم کے کارکنان عوامی خدمت میں کبھی تعطل پیدا نہیں ہونے دینگے قائد تحریک محترم الطاف حسین کی ہدایت اور فکر و فلسفے پر عمل کرتے ہوئے علاقائی ترقی اور عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون کی تمام یونین کونسل میں قائد تحریک محترم الطاف حسین بھائی کی ہدایت پر حق پرست اراکین اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز کے ذریعے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔
نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون کے تمام علاقوں میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مثالی سسٹم کا قیام یقینی بنا نے کے لئے اراکین اسمبلی کے فنڈز کے ذریعے فراہمی و نکاسی آب کے توسیع منصوبے بتدریج تکمیل کے مرحلے میں ہیں جہاں سسٹم کی بہتر ی کو یقینی بنا یا گیا ہے وہاں سڑکوں کی تعمیر کی انجام دہی کا آغاز ہوچکا ہے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے عوام کو یقین دلا یا کہ انشااللہ بلا تفریق رنگ ونسل عوامی خدمت کے ذریعے عوام کو مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا ئیں گے۔