وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے بحریہ ٹائون اورامریکی سرمایہ کارگروپ میں معاہدے کوسراہا ہے اوراسے ایک سنگ میل قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے سے ملک میں سرمایہ کاری کوفروغ حاصل ہوگا۔ وزیراعظم بحریہ ٹائون کے سابق چیئرمین ملک ریاض اورامریکی سرمایہ گروپ کے تھامس کلمرسے ملاقات میں اظہارخیال کررہے تھے۔ وزیراعظم کاکہناتھا کہ ملک میں آزادمعیشت کے حوالے سے مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت دوستانہ سرمایہ کاری کے ماحول پریقین رکھتی ہے اورسرمایہ کاروں کوتحفظ سمیت بہترین نفع دینے کی خواہاں ہے۔ وزیراعظم کاکہناتھا کہ بحریہ ٹائون اورامریکی گروپ کے درمیان ہونے والی سرمایہ کاری حکومت کی پالیسیوں کامنہ بولتاثبوت ہے۔ وزیراعظم کاکہناتھا کہ نجی شعبے میں براہ راست ایک بڑی سرمایہ کاری کاآنا ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ بحریہ ٹائون اورامریکی گروپ کے معاہدے سے ملک میں معاشی سرگرمی مزید فروغ پائے گی۔ اس موقع پرسابق چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض نے وزیراعظم کاشکریہ اداکیا اورکہا کہ بحریہ ٹائون اورامریکی سرمایہ کاری گروپ نے پندرہ سے بیس بلین ڈالرکی سرمایہ کاری کے معاہدے کی یادداشت پردستخط کئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بدھا آئی لینڈ سٹی پراجیکٹ میں ،نیٹ سٹی،ایجوکیشن سٹی،ہیلتھ سٹی،پورٹ سٹی اور دیگرپراجیکٹس شامل ہیں۔