ممبئی(جیوڈیسک)ممبئی مسٹر پرفیکٹ عامر خان 14مارچ کو اپنی48ویں سالگرہ منائینگے۔14 مارچ1965 کو مہارشٹرا کے شہر ممبئی میں پیدا ہونے والے عامر خان نے اپنے فلمی سفر کا آغاز بحیثیت چائلڈ اسٹار 1973میں فلم یادوں کی بارات سے کیا جسے ان کے انکل ناصر حسین نے پروڈیوس کیا تھا۔بطور ہیرو عامر کی آمد1984میں فلم ہولی سے ہوئی تاہم انہیں پہلی کامیابی 1988 میں فلم قیامت سے قیامت تک سے ملی جس میں عامر نے جوہی چالہ کے مدِ مقابلکام کیا اور پہلا نیشنل ایوارڈ اپنے نام کیا۔
اس فلم کے بعد عامر نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اوریادوں کی بارات ،مد ہوش،راکھ،دل ،دیوانہ مجھ سانہیں،دل ہے کہ مانتا نہیں،جو جیتا وہ سکندر،ہم ہیں راہی پیار کے ،انداز اپنا اپنا،بازی ،رنگیلا،راجہ ہندوستانی،سرفروش ،غلام،دل چاہتا ہے اور لگان جیسی کامیاب فلمیں پیش کیں۔ چا ر سال تک فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد عامر کی واپسی5 200 میں فلم منگل پانڈے سے ہوئی۔
جس کے بعد انہوں نے لگاتار رنگ دے بسنتی،فنا،تارے زمین پر،گجنی،تھری ایڈیٹس،دھوبی گھاٹ جیسی سپر ہٹ فلمیں پیش کیں ۔ فلمی ایوارڈ فنکشنز سے ہمیشہ دور دور رہنے والے عامر خان نے سینکڑوں ایوارڈز اپنے نام کیے جسکے ساتھ ساتھ انہیں2003 میں پدما شری اور2010 میں پدما بھوشن ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ۔گذشتہ سال مئی میں سماجی مسائل پر مبنی پروگرام کرنے پر انکی مقبولیت مزید بڑھ گئی اور ٹائمز میگزین کے سرورق پر انکی تصویر زینت بنی۔