اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں سے چھوٹی سی چھوٹی تکلیف پرثواب کاوعدہ کیا ہے ۔ایک مرتبہ چراغ گل ہوگیا تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اِنالِلہِ پڑھا حضرت عائشہ نے فرمایاکیا یہ مصیبت ہے اس پربھی صبر کرنے کااجروثواب ملتا ہے؟آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا ہاںجو چیز مسلمان کو ناگوار گزرے وہ مصیبت ہے یہاںتک کہ کانٹا لگ جائے یاکوئی چیزرکھ کربھول جائے،اس پرصبر کرنے سے اَجرملتا ہے ۔لیکن افسوس کہ نہ ہم صبرکرتے ہیں اور نہ ہی مصیبتوں سے نجات حاصل کرنے کی کوشش ۔پاکستانی قوم کاحال دو سے چھ ماہ کے بچے کی طرح ہے جواگر روپڑے تو چُپ ہونے کانام نہیں لیتا اور اگر خوش ہوتو بات بے بات مسکرائے جاتا ہے۔
اسی طرح پاکستانی عوام بھی سالوں تک حکمرانوں کو خوب بُرا بھلا کہتے ہیںاورچکن سیل سنیٹرپر پڑے ڈرم میں تڑپتی ہوئی مرغی کی طرح پھڑ پھڑاتے ہوئے وقت گزارتے ہیں، اپنے تمام ترمسائل ،تمام تر مشکلات کی ذمہ داری حکمرانوں پرڈالتے ہیں ۔جو لوگ عوام کوایک آنکھ نہیں بھاتے الیکشن کے دنوں میں انہیں لوگوں کی ایک جھلک دیکھ کر تمام ترپر یشانیاں، تمام تر مسائل ،تمام تر مشکلات اور تمام تر محرومیاں بھول کر بڑے فخر کے ساتھ نہ صرف اُن کی انتخابی مہم چلاتے ہیں بلکہ اُن کی خوبیاں گنواتے وقت یہ بات بھول جاتے ہیں کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے گزشتہ چار پانچ سال عوام کا جینا مرنا مشکل کئے رکھا تھا اور اُن کے ظلم کا شکار ہونے والے اچھی طرح جانتے ہیں کہ جو خوبیاں گنوائی جا رہی ہیں۔
وہ ہرگز اُس سیاست دان کی شخصیت میں موجود نہیں ہیںجواُن کے حلقے میں پھر سے اُمیدوار بن کر آگیا ہے اور مزے کی بات سن لیں پچھلے الیکشن میں اُس نے تیر کے انتخابی نشان پرالیکشن لڑا تھا اور اِس الیکشن میں وہ شیر کولے کرمیدان میں اُترا ہے ،کیا اُس کی وفاداری کا یہی ثبوت کافی نہیں کہ جس پارٹی نے اُسے پانچ سال تک خوب عزت دی وہ اُسی پارٹی کو مشکل میں دیکھ اپنے مستقبل کے سنہری خواب سجائے دوسری پارٹی سے جا ملا ؟ قارئین محترم آپ جانتے ہیں کہ وطن عزیز میں سیاسی اکھاڑہ سجنے کو ہے بہار کے موسم کے ساتھ ساتھ الیکشن کا سیزن بھی شروع ہواچاہتا ہے ۔سیاست دانوںکے رشتہ دار جو بیرون ملک مقیم ہیں وہ پاکستان آکر الیکشن کا مزہ لینے کی تیاری کر رہے ہیں۔
Musharraf
سابق صدر پرویزمشرف بھی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے آرہے ہیں،کل تک ن لیگی قیادت پرویز مشرف کی وطن واپسی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی تھی لیکن سنا ہے بیرونی طاقتوں کے کہنے پر وہی پرویزمشرف کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہوچکی ہے ۔اگر جمہوریت کی روح سے دیکھاجائے تو پرویزمشرف کا وطن آکر الیکشن میں حصہ لینا اچھی بات ہے۔ایک دو،دنوں میں موجودہ حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے پر نگران حکومت کا قیام عمل میںلایا جائے گا اورحکومتی اور اپوزیشن ارکان پانچ سالوں بعد اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں لوٹ کر عوامی رابطہ مہم چلائیں گے ۔یعنی الیکشن کے دنوں میںاِن ایکشن رہیں گے ۔وہ لوگ عوام جن کے چہرے تک بھول چکے ہیں ایک بار پھر عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے بڑے انتخابی جلسے رچا کر نہ صرف اپنی خوبیاں گنوائیں گے۔
بلکہ ساتھ ساتھ مخالف اُمیدوار پر کیچڑ اچھالتے وقت سب اخلاقی حدیں توڑ دیں گے یہاں تک کہ ایک دوسرے کی مائوں بہنوں کی کردار کشی کریں گے اور عوام جو پچھلے پانچ سال اپنی قسمت پر روتی رہی ہے آئندہ پانچ سال تک رونے کی تیاری اس طرح کریں گے کہ ہر سیاسی جلسے میں شامل ہوکر خوب نعرے بازی کرینگے،ڈھول کی تھاپ پر خوب رقص کریں گے اور اُمیدواروں کے انتخابی دفاتر میں شربت چائے پی کریا کھانا کھا کر یہ سمجھیں گے کہ وہ سیاست دانوں کو بے وقوف بنارہے ہیں۔
ذات برادری ،پارٹی نسبت یا پھر چند روپوں کے عوض کسی کرپٹ اور نااہل اُمیدار کو اپنا قیمتی ووٹ دے کر آئندہ پانچ سال اپنی قسمت کو روتے رہیں گے ۔اس بار یہ بھی ہوسکتا ہے کہ جو 25.20دن انتخابات سے پہلے عوام ہنسی خوشی گزاراکرتے تھے وہ بھی ان کی قسمت میںنہ آئیں کیونکہ ملک میں امن وامان کی صوت حال کچھ بہتر نہیں ہے ۔ہوسکتا ہے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن جلسے جلوسوں پر سخت پابندی لگا کر موبائل فون سروس بھی بند کردے۔کچھ حلقے تو الیکشن کو خونی بھی کہہ رہے ہیں ۔اس وقت ملک جن سازشوں کا شکار ہے ممکن ہے کہ دشمن الیکشن کے دوران بھی قتل وغارت اور فتنہ گری سے باز نہ آئے۔
Shahbaz Sharif
جب لاہور جیسے شہرمیں وزیراعلیٰ میاں محمد شہباز شریف کے دور حکومت میں جو انتہائی سخت مزاج پائے گئے ہیں پولیس اور دیگر محکموں کی کوتائی برداشت نہیں کرتے پھر بھی پولیس کو توہین رسالت کے مقدمہ کاعلم ہوجانے کے باوجود اتنا بڑا سانحہ روپذیر ہوگیا جس میںنہ صرف مسیح برادری کی بستی کو آگ لگا دی گئی بلکہ مذہبی فسادات کوہوا دینے کی کوشش بھی کی گئی ۔سچ تو یہ ہے کہ سانحہ بادامی باغ نے ایک بارتو پوری قوم کو ہلا کررکھ دیا ہے۔توپھرتین ماہ کی نگران حکومت تو بہت کمزور ہواکرتی ہے سب کو پتا ہوتا ہے کہ حکومت صرف 90دن کی مہمان ہے۔
مہمان حکومت کس طرح حکومتی رٹ قائم کرے گی؟اور کون اُس پر عمل کرے گا؟جبکہ پچھلے پانچ سالوں میں منتخب عوامی حکومت امن و امان قائم نہیں کرسکی تو نگران حکومت الیکشن میںامن و امان کس طرح قائم کر پائے گی؟منتخب عوامی حکومت کا مطلب شائد یہ ہونا چاہئے تھا کہ حکومت کے رابطے عوام کے ساتھ اس قدر مضبوط رہیں کہ کوئی دشمن ملک و قوم کو نقصان نہ پہچاسکے لیکن یہاں تواُلٹا رواج ہے نہ صرف سیاست دان بلکہ عوام بھی سیاست دانوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
اس بار انتخابی نعرے بھی کچھ اور ہی ہوں گے جیسا کہ اُمیدوار کہیں گے کہ ہم اقتدار میں آکر ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کی گردنیں کاٹ دیں گے،ہماری حکومت میں سفارش،رشوت،اقرباء پروری،بدامنی ،دہشتگردی ،ناانصافی،غنڈہ گردی،فحاشی،بے روز گاری،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر،قتل وغارت،بم دھماکے،بھوک ننگ،خودکشیاں ،لاقانونیت،ٹارگٹ کلنگ اور دیگر خون خرابے عام ہوں گے ،اگر عوام امن پسند ہیں تو بھی ہمیں ووٹ دیں ہم وعدہ کرتے ہیں کہ اقتدار میں آکرہم آئندہ پانچ سال ملک میں امن امان نام کی کوئی چیزباقی نہ رہنے دیں گے ۔