اسلام آباد(جیوڈیسک)عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں 80 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جب کہ انتخابی عملے کی تربیت کا کام جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی272 عام اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 577 نشستوں کے لیے سات لاکھ افراد پر مشتمل انتخابی عملہ خدمات انجام دے گا۔
الیکشن کمیشن نے ایک سو چھبیس اضلاع میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران،425 ریٹرننگ افسران اور 709 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کا تقرر کردیا ہے۔ملک بھر میں 80 ہزار سے زاید پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔
ووٹرز کی سہولت کے لیے تمام حلقوں میں پولنگ اسٹیشن قریبی سرکاری عمارتوں میں قائم کیے جائیں گے۔ کسی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی کا عملہ تعینات کیا جائے گا۔ 849 عام نشستوں پر امیدواروں کے انتخاب کے لیے 8 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔