اساتذہ جیسی معتبر ہستیوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے پروفیسر سبط حسن کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔محمد زبیر صفدر
Posted on March 21, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات کو جان بوجھ کر خراب کیا جا رہا ہے تعلیم جیسامقدس شعبہ بھی دہشتگردی اور بدامنی کا شکار ہے۔ جس کا واضح ثبوت پروفیسر سبط حسن کا قتل ہے۔
ٹارگٹ کلنگ سے اساتذہ اور علماء جیسی معتبر شخصیات بھی محفوظ نہیں رہیں۔ پروفیسر سبط حسن جعفر کو قتل کر کے تعلیم کا ایک باب بند کرنے کی سازش کی گئی۔ پروفیسر سبط حسن کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار محمد زبیر صفدر نے اپنے بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی بڑھتی ہوئی وارداتیں انتہائی تشویشناک صورتحال تک پہنچ چکی ہیں۔معاشرے کے دیگر طبقات کی طرح تعلیم کے شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی عدم تحفظ کاشکار ہیں۔ پروفیسر سبط حسن کو قتل کر کے تعلیم کا قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
کراچی میں بد امنی کی وارداتیں اتنی بڑھ چکی ہیں کہ اساتذہ جیسی قابل احترام ہستیوں کو بھی ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ حالات کو بہتر بنانے کے لیے مناسب منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا امتیاز کاروائی وقت کی ضرورت ہے ۔