جلال پور بھٹیاں(جیوڈیسک)جلال پور بھٹیاں کے نواحی علاقے خانقاہ ڈوگراں کے نجی اسپتال میں ڈاکٹر ایک مریضہ کے پیٹ میں اسفنج بھول گئی۔ خاتون کے رشتے داروں نے احتجاج کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جلال پور بھٹیاں پریس کلب کے باہر لیڈی ڈاکٹر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مریضہ کے رشتے داروں کا کہنا ہے کہ چار ماہ پہلے لیڈی ڈاکٹر نفیسہ مظفر نے مریضہ کا ڈلیوری آپریشن کیا تھا۔ آپریشن کے دوران ڈاکٹر مریضہ کے پیٹ میں ٹاول نما اسفنج بھول گئی جو چار ماہ تک پیٹ میں رہا۔ خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے لاہور لایا گیا جہاں آپریشن کرکے پیٹ سے اسفنج کا ٹکڑا نکال دیا گیا۔ مظاہرین نے حکام سے لیڈی ڈاکٹر اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔