چوتھا ون ڈے، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرادیا

Pak Win

Pak Win

پاکستان (جیوڈیسک)ڈربن میں سیریز کے چوتھے ون ڈے میں پاکستان نے عمران فرحت اور مصباح الحق کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو دو سے برابر کردی۔

کنگز میڈ ڈربن میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پہلی دو گیندوں پر ہاشم آملہ اور کولن انگرام کو آٹ کرکے محمد عرفان نے جنوبی افریقہ کو دباو میں لے لیا۔ پھر جنید خان نے چونتیس کے مجموعی اسکور پر گریم اسمتھ اور فرحان بہار دین کو پویلین بھیج کرمیزبان ٹیم کو تیزی سے رن بنانے سے روکا دیا۔

اس موقع پر اے بی ڈی ویلیئرز پچھہتر اور ڈیوڈ ملر سڑسٹھ رنز نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں ایک سو پندرہ رنز بناکر ٹیم کو مشکل سے کسی حد تک نکالا۔ دونوں سعید اجمل کا شکار بنے۔ یوں جنوبی افریقہ مقررہ اوورز میں نو وکٹوں پر دو سو چونتیس رنز بناسکی۔پاکستان کی جانب سے محمد عرفان، جنید خان اور سعید اجمل نے تین تین وکٹ لیں۔

جواب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا۔ محمد حفیظ فیلڈنگ میں رخنہ ڈالنے کے نئے قانون کے تحت آوٹ ہوئے۔ پھر کامران اکمل اور یونس خان بھی جلد پویلین لوٹے تو پاکستان ٹیم مشکل میں دکھائی دی لیکن کپتان مصباح الحق اسی ا ور عمران فرحت ترانوے رنز نے ایک سو تریپن رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا اور پاکستان نے مطلوبہ ہدف اڑتالیس اعشاریہ چار اوورز میں سات وکٹ پر حاصل کرکے میچ تین وکٹ سے جیت لیا۔اس طرح سیریز دو دو سے برابر ہوگئی ہے۔ سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے اتوار کو بینونی میں کھیلا جائے گا۔