لاہور کے مصروف ترین علاقہ میں دن دیہاڑے اس طرح کا واقعہ پنجاب حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،کامل علی آغا

لاہور (محمد بلال احمد بٹ) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کامل علی آغا نے پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالہی کی رہائش گاہ پر دن دیہاڑے اندھا دھند فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعہ میں پنجاب حکومت ملوث دکھائی دیتی ہے۔

اپنے ایک بیان میں سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ لاہور کے مصروف ترین علاقہ میں دن دیہاڑے اس طرح کا واقعہ پنجاب حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے پنجاب حکومت کی سکیورٹی کے تمام دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے۔

کامل علی آغا نے کہا کہ پنجاب حکومت آئندہ الیکشن میں اپنی یقینی شکست سے خوفزدہ ہو کر اس طرح کے واقعات سے اپنے سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، ہم گولیوں سے ڈرنے والے نہیں، انشا اللہ ہم اپنے سیاسی مخالفین کی بلٹ کا جواب انتخابات میں بیلٹ کے ذریعے دے کر حساب چکا دیں گے۔