پیونگ(جیوڈیسک) یانگ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ ان کا ملک جنوبی کوریا کے ساتھ حالت جنگ میں ہے۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری اداروں کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات کی کیفیت حالت جنگ میں ہونے والے تعلقات جیسی ہے۔
لہذا جنوبی کوریا کے ساتھ تمام معاملات کو اسی پروٹوکول میں دیکھا جائے گا۔ پیر کو جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کیاشتعال انگیز کارروائیوں سے نمٹنے کے لیے ایک نئے فوجی منصوبے پر دستخط کیے ہیں۔ حکام کے مطابق نئے منصوبے کے تحت اگر شمالی کوریا کی جانب سے کوئی بھی محدود حملہ ہوتا ہے۔
تو جنوبی کوریا اور امریکہ اس کا مشترکہ جواب دیں گے۔ واضح رہے کہ شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات ایک عرصے سے کشیدہ ہیں اور وہ ایک دوسرے پر اشتعال انگیز کارروائیوں کے الزامات لگاتے رہے ہیں۔
لیکن گزشتہ ماہ شمالی کوریا کی جانب سے تیسرے جوہری تجربے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے بارہ فروری کو کیے جانے والے جوہری تجربے کے بعد اقوام متحدہ نے اس پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔