ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا الیکشن میں حصہ لینے اور سابق ڈکٹیٹر اور آمر پرویز مشرف پر بیرون ملک جانے پر پابندی کا خیر مقدم

تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات روحیل اکبر نے سابق ڈکٹیٹر اور آمر پرویز مشرف پر بیرون ملک جانے پر پابندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ وقت دور نہیں جب لال مسجد میں خون ریزی ،اکبر بگٹی کے قتل،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکیوں کے حوالے اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بے عزتی کرنے والا اپنے انجام کو پہنچے گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو مشرف کے مقابلہ میں الیکشن میں حصہ لینا ایک خوش آئند اقدام ہے اور پوری قوم مشرف کی الیکشن میں بدترین ہار کی منتظر ہے جبکہ تحریک تحفظ پاکستان ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی بھر پور حمایت کریگی۔

اس موقعہ پر انہوں نے پیپلز پارٹی پنجاب کی طرف سے جاری کیا جانے والا 29نکاتی حقائق نامہ کو فراڈ نامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کے گذرے ہوئے پانچ سالوں میں پاکستان کی آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے آچکی ہے اور ہمارے ڈاکو نما حکمرانوں نے اپنے اثاثے ملک سے باہر منتقل کرلیے ہیں ان حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملک اندھیروں میں ڈوب رہا ہے۔