لندن (جیوڈیسک)برطانیہ میں گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کر دی گئی ہیں۔ برٹش سمر ٹائم نافذ ہونے سے دن میں روشنی کا استعمال زیادہ سے زیادہ ہو سکے گا۔برٹش سمرٹائم کے لیے گھڑیوں کواکتیس مارچ کی شب ایک بجے ایک گھنٹہ آگے بڑھادیاجائیگا۔یعنی جس وقت ایک بجے گااس وقت گھڑی میں 2بجادیے جائیں گے۔
نتیجہ یہ نکلے گا کہ ایسٹرسنڈے کوبرطانیہ میں لوگ ایک گھنٹہ نیندسے محروم رہیں گے۔مگر وقت آگے بڑھانے کافائدہ یہ ہوگا کہ صبح کے اوقات میں توروشنی کم ہوگی مگر شام کو دیر تک روشنی رہیگی۔اس طرح بجلی کی بچت ہوگی اور قدرتی روشنی کو زیادہ سیزیادہ استعمال کیاجاسکے گا۔
ایک گھڑی ہوتووقت تبدیل کرنامسئلہ نہیں مگرگھڑیوں کا کاروبار کرنے والے افراد دن بھربیٹھ کریہی کام کرنے پرمجبوررہیں گے۔وقت تبدیل ہونے پر گھنٹی بجنے کا میوزک پسندہویانہ ہو،ساری گھڑیوں کووقت پرلانے کے لیے میوزک سننے کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں۔
برٹش سمرٹائم روایتی طورپر مارچ کے آخری اتوارکوشروع ہوتاہے اور اکتوبر کے آخری اتوارتک جاری رہتاہے۔یعنی 27اکتوبرکوسوئیاں واپس ایک گھنٹہ پیچھے لائی جائیں گی۔