لاہور(جیوڈیسک)لاہور کے علاقے قلعہ گجرسنگھ میں کوئین میری کالج کے قریب موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے دولہے کی کار پر فائرنگ کر کے اسے قتل کردیا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں اس کی بہن اور بہنوئی زخمی ہو گئے۔
شادی والے گھر میں خوشی کے بجائے ماتم شروع ہو گیا۔ پولیس کے مطابق حبیب اللہ روڈ کے رہائشی خالد بٹ اپنے جواں سالہ بیٹے ہارون بٹ کی بارات لے کر ڈیوس روڈ پر ایک شادی ہال جا رہے تھے کہ کوئین میری کالج کے قریب ایک موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے انکی کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دولہا ہارون ہلاک جبکہ اس کی بہن آمنہ اور بہنوئی مجتبی زخمی ہو گئے۔
جنہیں اسپتال داخل کروا دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا کر مقتول کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا۔