راولپنڈی(جیوڈیسک)راولپنڈی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی آمد کے باعث بینظیر بھٹو قتل کیس کی از سر نو سماعت کا فیصلہ کرلیا۔
جبکہ پرویز مشرف کا الگ ٹرائل کرنے کی درخواست خارج کردی گئی۔راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر قتل کیس کی سماعت کے دوران کیس کی روزانہ سماعت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ سابق صدر پرویز مشرف سمیت کیس میں نامزد ملزمان پر دوبارہ فردجرم عائد کی جائے گی۔
بینظیربھٹو قتل کیس میں اب تک 25 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں لیکن پرویزمشرف کی وطن واپسی کی وجہ سے تمام گواہوں سے دوبارہ بیانات لئے جائیں گے اور فریقین کے وکلا ان سے جرح بھی کریں گے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف ائی اے کے پراسیکوٹر چودھری ذوالفقار نے کیس میں پرویز مشرف کا الگ ٹرائل کرنے کی درخواست میں دی جو عدالت نے مسترد کردی۔ کیس کی سماعت 8 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔