ڈیرہ اسماعیل خان(جیوڈیسک)ڈیرہ اسماعیل خان جعلی ڈگری کیس میں سابق رکن صوبائی اسمبلی خلیفہ عبدالقیوم کو 3 سال قیداور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی گئی،سزا کے بعد خلیفہ عبدالقیوم کو سینٹرل جیل بھجوادیا گیا۔خلیفہ عبدالقیوم کے خلاف جعلی ڈگری کیس کی سماعت ڈیرہ اسماعیل خان میں ایڈیشنل سیشن جج فائیو کی عدالت میں ہوئی۔
ڈگری جعلی ثابت ہونے پر عدالت نے خلیفہ عبدالقیوم کو تین سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی، جس کے بعد انہیں سنٹرل جیل بھجوادیا گیا۔خلیفہ عبدالقیوم 2008کے انتخابات میں ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقے پی کے 64سے آزاد حیثیت سے میں کامیاب ہوئے تھے۔
اس سے قبل صوابی سے سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار علی خان کو بھی جعلی ڈگری کیس میں تین سال قید اورپانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی جا چکی ہے،جبکہ جعلی ڈگری پر پیپلزپارٹی کے جمشید دستی پر مظفرگڑھ اور عامر یار وارن پر بہاول پور میں فرد جرم عائد کردی گئی ہے ۔جعلی ڈگری پر سزا پانے والے اراکین کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے،کیونکہ سپریم کورٹ نے 189سابق ارکان پارلیمنٹ کو ڈگری کی تصدیق کیلئے جمعے تک کی مہلت دی ہے۔