کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید کی صدرآزاد کشمیر سرداریعقوب سے ملاقات، یورپ میں مسئلہ کشمیرپر جاری جدوجہد پرتبادلہ خیال

برسلز : کشمیرکونسل ای یوکے چیئرمین علی رضاسیدنے گذشتہ روزصدرآزادکشمیر سردارمحمد یعقوب خان سے کشمیرہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی اور انھیں یورپ میں مسئلہ کشمیرکو اجاگرکرنے کے لیے جاری جدوجہد سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا اوربھارت کی طرف سے کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کی گئی۔

خاص طورپر افضل گروکو پھانسی دیئے جانے اوران کاجسدلواحقین کے حوالے نہ کرنے پرسخت تشویش ظاہرکی گئی۔اس موقع پر بلجیم میں مقیم کشمیری رہنماء سردارصدیق بھی موجودتھے۔ علی رضاسید نے صدرآزادکشمیر کو بتایاکہ مقبوضہ کشمیرمیں 2156بے نام قبروں کے انکشاف کے بعد کشمیرکونسل ای یو نے اس مسئلے کو یورپی سطح پر اٹھایاہے اورگذشتہ چند سالوں سے یورپی عوام اور اہم پالیسی سازلوگوں کا کشمیرپر مظالم سے آگاہ کیاجارہاہے۔

ہمارامطالبہ ہے کہ مقبوضہ وادی میں جنگی جرائم خاص طورپر ان قبروں میں دفن بے گناہ افرادکے ماورائے عدالت قتل میں ملوث بھارتی فوجیوں پر انٹرنیشنل ٹریبونل میں مقدمہ چلاکرانھیں سخت سزادی جائے۔ انھوںنے کہاکہ کشمیرکونسل ای یو کی ایک ملین دستخطی مہم بھی یورپ کے مختلف ملکوںمیں جاری ہے اور ااس مہم کی رپورٹ مکمل کرکے یورپی پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔

ابتک بلجیم، ہالینڈ ، فرانس اور برطانیہ سمیت کئی ممالک میںمظلوم کشمیریوں کی حمایت میں جاری اس مہم کے تحت بڑی تعدادمیں لوگوں سے دستخط لیے جاچکے ہیں۔اس دوران صدرکو کشمیرکونسل ای یو کی کارکردگی کے بارے میں ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ صدر آزادکشمیرنے کشمیرکونسل ای یو کی مسئلہ کشمیرکواجاگرکرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انھوں نے یورپ اور دوسرے ملکوںمیںرہنے والے کشمیری اور ان کی تنظیموں کے درمیان اتحادکی ضرورت پر زوردیا۔

کونسل کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاکہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیرکی حقیقت کو سمجھناچاہیے کیونکہ اس مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں امن نہیں ہوسکتا۔ انھوں نے کہاکہ حق خودارادیت کے حصول تک پرامن جدوجہدجاری رہے گی۔بھارت ظالمانہ ہتھکنڈے اختیارکرکے تحریک آزادی کشمیر کو دبانہیں سکتا۔

ایک لمبے عرصے سے کشمیرپر بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ صدر سرداریعقوب نے کہاکہ باہررہنے والے کشمیریوںکی جدوجہدقابل ستائش ہے اورانھیں چاہیے کہ منظم اور متفقہ طورپر مسئلہ کشمیرکو عالمی فورموں پر اجاگرکریں۔ملاقات کے دوران علی رضاسید نے کونسل کی طرف سے صدرآزادکشمیرکو بلجیم آنے کی دعوت دی ۔ صدرسرداریعقوب نے کہاکہ وہ کشمیرکونسل ای یو کی دعوت پر ضروربلجیم آئیں گے۔