پشاور(جیوڈیسک)پشاورعوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے سینیٹر حاجی عدیل کی جانب سے پاک فوج کے بارے میں خیالات کو ان کی ذاتی رائے قرار دیا اور کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی مسلح افواج کا احترام کرتی ہے۔
پشاور میں جاری ایک بیان میں اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ سینیٹر حاجی عدیل نے تین مارچ کو اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار میں مسلح افواج کے بارے میں جن خیالات کا اظہار کیا وہ ان کی ذاتی رائے ہے اور پارٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔
اسفند یار ولی کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی ایک قومی ادارے کی حیثیت سے پاک افواج کا احترام کرتی ہے۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ بیانات جاری کرتے وقت پارٹی موقف کا خیال رکھیں ورنہ ان کے خلاف پارٹی ڈسپلن کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
حاجی عدیل نے ایک سیمینار میں کہا تھا کہ فوج کو نظریاتی سرحدوں کی نہیں بلکہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنی چاہئیے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فوج نے سیلاب زدگان کی مدد کی بھی قیمت وصول کی تھی۔