واشنگٹن(جیوڈیسک)واشنگٹن عالمی ادارہ اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں وقت پر انتخابات اور اگلی حکومت کا مستحکم ہونا بیرونی قرض حاصل کرنے لیے بہت ضروری ہیں، آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہوا تو پاکستان کی ریٹنگ پر دباو پڑسکتا ہے۔ اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز کے مطابق پاکستان کو بیرونی قرض اگلی حکومت کے آنے کے بعد ہی ملنے کی توقع ہے۔
جس کے بعد جولائی یا اگست میں پاکستان اور آئی ایم ایف کا نئے قرض کا معاہدہ ہونے کی امید ہے۔ ادارے کے مطابق آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے کی صورت میں پاکستان کی ریٹنگ مستحکم رہ سکتی ہے، معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ریٹنگ پر دباو بھی پڑ سکتا ہے۔
اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز کا کہنا ہے کہ بیرونی قرض حاصل کرنے لیے پاکستان کو سخت فیصلے کرنے پڑسکتے ہیں اور نئی حکومت اپنے دور کے آغاز میں ہی یہ غیر مقبول فیصلے کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مالی مسائل کے حل کے لیے بہتر منصوبہ بندی بھی کرنی ہوگی۔