گجرات کی خبریں 05.04.2013
Posted on April 6, 2013 By Tahir Webmaster گجرات
گجرات پولیس چوہدری محمد طفیل شہید کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہو چکی ہے : چوہدری علی ابرار جوڑا
گجرات (جی پی آئی)گجرات پولیس چوہدری محمد طفیل شہید کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ، ان خیالات کا اظہار سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے صدر چوہدری علی ابرار جوڑا نے سٹیزن فرنٹ کی سپریم کونسل کے ماہانہ اجلاس میں اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گجرات پولیس ہمارے قائد و بانی سٹیزن فرنٹ چوہدری محمد طفیل شہید کے نامزد قاتلوں کو گرفتار کرنے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کر رہی ، بلکہ روایتی طریقے سے طفل تسلیاں دے رہی ہے ، جس کی وجہ سے سٹیزن فرنٹ کے عہدیداران و ممبران میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ، چوہدری علی ابرار جوڑا نے کہا کہ اگر ڈی پی او گجرات ، ایس ایچ او سول لائن اور تفتیشی آفیسر نے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہ کیے تو سٹیزن فرنٹ کچہری چوک گجرات میں احتجاجی کیمپ لگائی گی ، اجلاس میں تمام اراکین سپریم کونسل نے فیصلہ کیا کہ سٹیزن فرنٹ کا ایک وفد جلد ڈی پی او گجرات سے ملاقات کرے گا اور انہیں اپنے تحفظات اور جذبات سے آگاہ کرئے گا کیونکہ چوہدری محمد طفیل شہید کی شہادت کو کافی ٹائم گزر چکا ہے ، لیکن گجرات پولیس ان کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور سٹیزن فرنٹ کے عہدیداران کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ، اجلاس میں قرار داد پاکستان کے حوالے سے منعقدکئے گئے سیمینار پر اظہار اطمینان کیا گیا کہ سیمینار کے تمام مقررین نے قرار داد پاکستان کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اچھے طریقے سے اظہار کیا اور سٹیزن فرنٹ کی اس کاوش کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ، اجلاس سے محمد اشرف منہاس ، چوہدری ندیم طفیل ، چوہدری وسیم افضل جوڑا ایڈووکیٹ ، خاور بشیر بٹ ، افتخار بھٹہ ، شیخ عرفان پرویز ، اسد اللہ طاہر ، راجہ محمد اعجاز ، حاجی مہر ممتاز احمد ، چوہدری وقاص عالم ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری اور عامر چوہدری نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
القبلہ ٹریولز ایںٹورز پر حج و عمرہ کی بکنگ شروع
گجرات (جی پی آئی) القبلہ ٹریولز اینڈ ٹوورز چوک شاہ حسین گجرات کے چیف ایگزیکٹو الحاج حکیم عمر فاروق بٹ القبلہ ٹریولز کے زیر اہتمام عمرہ کی سعادت پر جانے والے خوش نصیب قافلے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے تمام کسٹمروں کو رمضان المبارک 2013ء میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے ابھی سے موجودہ ریٹ پر بکنگ شروع کر دی ہے ، جو 10مئی 2013تک جاری رکھیں گے ، اسلئے کہ ہم 10مئی تک عمرہ کی موجودہ ریٹ پر جو بکنگ کریں گے انشاء اللہ اسی پر ہم اپنے ان تمام کسٹمروں کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عمرہ پر بھیجے گئے جو ابھی سے فوری ہمارے ساتھ رابطہ کر کے بکنگ کروا رہے ہے اس لئے کہ حکومت رمضان المبارک سے کچھ دن قبل سعودی عرب جانے والی تمام ائیر لائن کی ٹکٹوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیتے ہیں اور ہمارے لیے بھی پریشانی بڑھ جاتی ہے ، لہٰذا القبلہ ٹریولز اینڈ ٹورز گجرات اپنے تمام کسٹمروں کی سہولت کیلئے ابھی سے حج 2013ء اور رمضان المبارک میں عمرہ کی سعادت پر فوری بکنگشروع کر دی ہے ، الحاج حکیم عمر فاروق بٹ نے کہا کہ ہم حج و عمرہ 2013ء میں بھی اپنی نگرانی میں اپنے تمام کسٹمروں کیلئے مکتہ المکرمہ اور مدینہ منورہ میں نزدیک ترین رہائش اور دیگر سہولت کا بندوبست کریں گے اور اپنے ہر کسٹمر سے وعدے سے بھی زیادہ وہاں حج و عمرہ کے دوران تعاون کریں گے اس لئے جلد از جلد القبلہ ٹریولز چوک شاہ حسین میں حج و عمرہ کی فوری بکنگ کروائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام شہریوں میں منشیات کیخلاف اور ڈینگی سے بچائو کیلئے آگاہی کیلئے ایک واک کا انعقاد کیا گیا
گجرات( جی پی آئی) سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام شہریوں میں منشیات کیخلاف اور ڈینگی سے بچائو کیلئے آگاہی کیلئے ایک واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈی او سوشل ویلفیئر محمد ارشد اور این جی اوز فورم کے صدر امتیاز شاہ نے کی واک کے شرکاء نے کچہری چوک سے جیل روڈ چوک تک مارچ کیا انہوں نے ہاتھوں میں کتبے اوربینرز اٹھارکھے تھے جن پر انسداد منشیات اور ڈینگی سے بچائو کیلئے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈی او سوشل ویلفیئر محمد ارشد اور این جی اوز فورم کے صدر امتیاز شاہ نے کہا کہ منشیات کے استعمال میں اضافہ سے نوجوان نسل پر خصوصاً نہایت برے اثرات مرتب ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کیلئے معاشرے اور والدین کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپریل کا مہینہ ڈینگی مچھر کی افزائش کیلئے موذوں ہے لہٰذا اس خطرناک مرض سے بچائو کیلئے شہریوںکو حفاظتی تدابیر اختیار کرنا چاہئیں انہوں نے کہا کہ شہری اپنے ارد گرد کھلے مقامات جوہڑوں گھروں میں رکھے ہوئے برتنوں اور گملوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں صفائی کا خیال رکھا جائے نیز سونے سے پہلے مچھر مال کوائلوں کا استعمال بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایسا مرض ہے جس پر کنٹرول کیلئے احتیاط بہترین راستہ ہے۔ انہوں نے واک کے شرکاء خصوصاً این جی اوز اور میڈیا کے نمائندوں سے اپیل کی کہ عوام میں انسداد منشیات اور ڈینگی سے بچائو کیلئے آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈی سی الیون اور افغانستان کرکٹ ٹیم کے درمیان ایک روزہ کرکٹ میچ آج کھیلا جائے گا
گجرات( جی پی آئی) ڈی سی الیون اور افغانستان کرکٹ ٹیم کے درمیان ایک روزہ کرکٹ میچ آج ظہور الٰہی سٹیڈیم گجرات میں کھیلا جائے گا۔ 50اوورز پر مشتمل یہ میچ صبح 9بجے شروع ہوگا جس کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم میں داخلہ فری ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ادب و ثقافت کسی بھی علاقہ کی تہذیب کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں:ڈاکٹر محمد نظام الدین
گجرات (جی پی آئی ) ادب و ثقافت کسی بھی علاقہ کی تہذیب کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ اور کسی بھی علاقہ کے ادیب ، شاعر، دانشور اور علم دوست ہی اصل میں اس ملک ، علاقہ اور قوم کی دولت ہوتے ہیں۔ ادیبوں اور شاعروں کا اصل کام عام لوگوں کے جذبات و احساسات کی نمائندگی کرنا ہے۔ یونیورسٹی آف گجرات ایک نمائندہ درسگاہ ہے۔ اور یہاں کی علمی و ادبی سرگرمیوں کی امین ہے۔ UOG کی جانب سے اس علاقہ کے ادیبوں اور دانشوروں کی تحریروں کے لیے کسی پبلی کیشن کا اجراء خوش آئند ہو گا۔ اس سلسلہ میں اکادمی ادبیات پاکستان اور یونیورسٹی آف گجرات نے ادبی سرگرمیوں کو ہمیشہ بڑھاوا دیا ہے اور یہاں کے ادیبوں، شاعروں اور دانشوروں کی قدر افزائی کی ہے۔ حال ہی میں UOG میں شعبہ ٹرانسلیشن سٹڈیز کا قیام عمل میں آیا ہے جس کا مقصد پاکستانی زبانوں کا تحفظ اور ترجمہ کی روایت کو آگے بڑھانا ہے۔میں یونیورسٹی آف گجرات کی جانب سے اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئر مین عبدالحمید اور تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر UOG ڈاکٹر محمد نظام الدین نے گجرات کے ادیبوں ، شاعروں اور دانشوروں کا اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئر مین عبدالحمید کے ساتھ ایک نمائندہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف گجرات امسال ادب و ثقافت کی ترقی کے لیے ایک لٹریری فیسٹول بھی منعقد کروا رہی ہے ۔ علم دوست مخیر حضرت سے میری اپیل ہے کہ وہ ادب و ثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے بڑھ چڑھ کر مدد کریں ۔ میری تجویز ہے کہ یونیورسٹی آف گجرات ایک سہ ماہی ادبی رسالہ کا بھی اجراء کرے جس میں ادیبوں، دانشوروں اور شاعروں کی نگارشات کو علم و ادب کے فروغ کے لیے شائع کیا جائے ۔ اس موقع پر اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئر مین عبدالحمید نے گجرات کے ادیبوں، شاعروں اور دانشوروں سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اکادمی ادبیات کے معاملات و معمولات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس نمائندہ اجتماع میں خواتین ادیبوں اور شاعروں کی غیر حاضری اس بات کا اظہار کرتی ہے کہ ہم ابھی تک مرد و عورت کی تقسیم کو مٹانے میں کامیاب نہیں ہوئے ۔ انہوں نے بلوچی ادب و کلچر کے فروغ پر بھی زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں علم و ادب کے فروغ کے لیے اکادمی ادبیات پاکستان کی خدمات پر تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اکادمی ادبیات پاکستانی ادیبوں اور دانشوروں کے مفاد کیلئے کام کر رہی ہے ۔ اور اکادمی کا مقصد پاکستانی ادب و ثقافت کی ترقی اور فروغ ہے۔ پاکستان میں بین الزبانی تراجم اور پاکستانی نگارشات کا انگریزی اور دنیا کی دوسری زبانوں میں ترجمہ کیا جانا بہت ضروری ہے۔ میں گجرات کے ادیبوں، شاعروں اور دانشوروں کا شکر گزار ہوں کہ وہ اس نمائندہ اجتماع میں تشریف لائے اور اپنے مسائل سے آگاہ ہونے کا موقع مہیا کیا ۔ ادیبوں کے اس نمائندہ اجتماع میں یونیورسٹی آف گجرات سے ڈاکٹر امجد علی بھٹی، شیخ عبدالرشید، سید شبیر حسین شاہ، پروفیسر ڈاکٹر مشتاق اور رانا منصور امین نے شرکت کی ۔ جبکہ گجرات سے تعلق رکھنے والے ادیبوں اور شاعروں میں محمد افضل راز، چوہدری اسماعیل چیچی، منیر وڑائچ، ڈاکٹر وسیم گردیزی، اقبال بالم، ڈاکٹر اظہر محمود، افتخار بھٹہ، عمران سہیل، سمیع، منیر صابر کنجاہی، افتخار وڑائچ کالروی، کنور حسین وڑائچ، فضل احمد ، سید وقار افضل ، محمد عطا، اختر رضا ساقی، آصف بٹ، آصف فاروقی، اجمل کمال، غلام ربانی لیاقت، احسان فیصل، محمد اشرف، نازک کنجاہی، ڈاکٹر عبدالباسط راٹھور، خرم صادق، چوہدری اکرم اور عبدالحمید نے UOG کی علم و ادب بارے خدمات کو سراہتے ہوئے علم کے فروغ کے لیے کئی مفید تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر ان ادیبوں نے اپنی کتابیں اور علمی کاوشیں بھی پیش کیں اور اپنے افکار سے بھی حاضرین کو بھی آگاہی بخشی۔ اس طویل محفل میں علم و ادب کے فروغ کے لیے آئندہ لائحہ عمل بھی طے کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چودھری پرویزالٰہی کا این اے 105 میں رابطہ عوام مہم میں والہانہ اور پرجوش استقبال
گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے آج این اے 105 گجرات میں رابطہ عوام مہم کے تحت گھر گھر جانے کا سلسلہ شروع کیا اس دوران اُن کا ووٹروں کی طرف سے والہانہ اور پرجوش استقبال کیا گیا اور انہیں ہاروں سے لاد دیا گیا وہ جس گلی محلے سے گزرتے لوگ چھتوں سے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے، مرد، خواتین، نوجوان اور بزرگ چودھری پرویزالٰہی کو اچانک اپنے درمیان پا کر دلی مسرت کا اظہار کر رہے تھے۔ سوئی گیس کی فراہمی سمیت دیگر مسائل حل کرنے پر وہ سب چودھری پرویزالٰہی کی آمد پر بہت خوش تھے، بزرگ خواتین ان کا ماتھا اور گال چومتی رہیں اور جھولیاں پھیلا کر وزیراعظم بننے کی دعائیں دیتی رہیں۔ اس موقع پر چھوٹی بچیوں نے گلدستے بھی پیش کیے۔ چودھری پرویزالٰہی اپنے آبائی حلقہ کے عوام کے اس طرح اظہار محبت و تشکر پر بہت جذباتی دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کا خاندان اُن کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہم نے میٹرک تک تعلیم اور کتابیں مفت کیں اب انشاء اللہ بی اے تک کریں گے: چودھری پرویزالٰہی
گجرات (جی پی آئی) ہم نے میٹرک تک تعلیم اور کتابیں فراہم کی تھیں اب انشاء اللہ بی اے تک کتابیں اور تعلیم مفت کریں گے، تعلیم میں انوسٹمنٹ کا مطلب پاکستان میں انوسٹمنٹ ہے، دوبارہ آ کر نئے سکول اور نئی یونیورسٹیاں بنائیں ے، ہمارا مقصد ملک میں جہالت اور غربت کے اندھیرے ختم کرنا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے ان خیالات کا اظہار حلقہ این اے 105 میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے عہدیداروں کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر کیا جن میں ن لیگ کے سینئر نائب صدر مرزا محمد افضل کے علاوہ ماجد حسین چدھڑ، چودھری صغیر، عمران گوندل، بابا فضل حسین، چودھری سااجد، چودھری مقصود حیدر، بی بی جمیلہ بٹ اور صوفی لیاقت بھی شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مفت تعلیم دینا ہماری پارٹی کا منشور ہے تاکہ ملک بھر سے جہالت اور غربت دور ہو، عام اور غریب آدمی ہماری سیاست کا محور ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ان کے بچوں کو تعلیم اور اپنی غربت کے خاتمہ کے زیادہ سے زیادہ مواقع مل سکیں، یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں اپنی وزارت اعلیٰ کے دور میں ہم بیس لاکھ بچے سکولوں میں لے کر آئے جس سے پنجاب میں تعلیم کا گراف بڑھا جبکہ گجرات یونیورسٹی کا تحفہ بھی ہم نے ملک کو دیا، ہمارے دور میں دس ہزار ملازمتیں ہر سال پیدا ہوتی تھیں لیکن آج پڑھا لکھا نوجوان بے روزگار ہے، امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، اگر آپ چاہتے ہیں پاکستان ترقی کرے تو پھر ضروری ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کو کامیاب بنائیں، میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ترقی کا پہیہ جہاں سے روکا گیا تھا وہیں سے شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے پنجاب کی ترقی کا پہیہ چلایا تھا اسی طرح پاکستان میں بھی چلائیں گے، تین تین بار پنجاب میں اور دو بار پاکستان پر حکومت کرنے والوں نے پاکستان کو کچھ نہیں دیا، ہم نے وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال بنایا جو ایک کروڑ آبادی کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تھا لیکن شہباز شریف نے صرف اس لیے شروع نہیں کیا کہ یہ چودھری پرویزالٰہی نے بنایا ہے۔ اس موقع پر چودھری محمد اسلم، سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود، مرزا شفقت جمیل اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آج کے جدید ترقی یافتہ دور میں کوئی ملک قوم اور معیشت توانائی کا استعمال کیے بغیر ترقی نہیں کر سکتی:ڈاکٹر محمد نظام الدین
گجرات (جی پی آئی) آج کے جدید ترقی یافتہ دور میں کوئی ملک قوم اور معیشت توانائی کا استعمال کیے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ۔ ہمیں بحیثیت ملک و قوم حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مسائل کے حل کی طرف صدق دل سے توجہ دینی چاہئے۔ پاکستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے ۔ پاکستان سائنس فائونڈیشن کی سفری نمائش اس بات کا ثبوت ہے کہ توانائی پیدا کرنے اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے بے شمار ذرائع ہیں۔ اس وقت پوری دنیا توانائی کے بحران کا شکار ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے مختلف ممالک نے مختلف طریقے کامیابی سے اختیار کیے ہیں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ توانائی بائیو گیس سے پیدا ہوتی ہے مگر ہمیں توانائی پیدا کرنے کے لیے ہائیڈل پاور ، تھرمل اور دوسرے بہت سے ذرائع کی طرف توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔ توانائی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ توانائی بچانے اور اس کی منصفانہ تقسیم کی طرف توجہ دینا بھی بہت ضروری ہے ” ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات ڈاکٹر محمد نظام الدین نے پاکستان سائنس فائونڈیشن، ORIC UOG کے اشتراک سے منعقدہ UOG مرغزار کالج برائے خواتین میں توانائی بارے میں ایک سفری کاروان نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے طالب علموں کی نئی نسل بہت ذہین ہے ۔ یہ سفری نمائش طلباء و طالبات کے ذہنوں کو کشادہ اور ان کے خیالات کو وسیع کرنے کا وسیلہ ثابت ہو گی ۔ ہمیں توانائی کا مسئلہ صرف سائنسدانوں پر نہیں چھوڑنا چاہئے بلکہ سماجی علوم کے ماہرین کو بھی آگے بڑھتے ہوئے عوام کو توانائی بچانے کے طریقوں سے آگاہ کرنا چاہئے ۔ اس سلسلہ میں درسگاہوں اور صنعتوں کو مل کر کام کرنا بہت ضروری ہے ۔ گجرات ایک صنعتی شہر ہے اور پنکھا سازی یہاں کی مشہور صنعت ہے ۔ صنعتوں کو چاہئے کہ کم بجلی پرچلنے والی چیزیں مارکیٹ میں لائیں تاکہ توانائی بچا کر بحران پرقابو پایا جاسکے۔ ہمارے طالب علم ہمارے مستقبل اور ہماری ترقیکے امین ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کالج کی پرنسپل مسز فرحت محبوب، DICE کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر مدثر اقبال اور چیف کوارڈینیٹر ڈاکٹر محمد خاور اسلام اور PSF کے چیئر مین ڈاکٹر منظور سومرو اور دیگر کارکنان کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے اس سفری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ مہمان اعزازی پاکستان سائنس فائونڈیشن کے چیئر مین ڈاکٹر منظور سومرو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے کسی علاقہ کے سماجی و معاشی پہلو کو مد نظر رکھنا بہت ضروری ہے ۔ اس سلسلہ میں غیر رسمی تعلیم بھی اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ فرانسیسی سفارتخانہ کے تعاون سے ملک کے مختلف شہروں میں اس سفری نمائش کا مقصد طلباء و طالبات کو توانائی کے متبادل ذرائع سے آگاہ کرنا ہے۔ کسی بھی مسئلہ پر قابو پانے کے لیے اس کا پس منظر جاننا بہت ضروری ہے ۔ پاکستان سائنس فائونڈیشن ایک خو د مختار ادارہ ہے اور اس کا اولین مقصد طلباء و طالبات میں کھوج اور تحقیق کے کلچر کو پروان چڑھانا ہے ۔ کسی بھی ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کے لیے مہارت لازمی امر ہے ۔ PSF مختلف اداروں کو ریسرچ گرانٹ دیتا ہے ۔ اب ہم نے ایک انڈوومنٹ فنڈ بھی قائم کر دیا ہے ۔ PSF کا مقصد نئے خیالات کو سامنے لا کر ملک میں صنعتی ترقی کا انقلاب لانا ہے ۔ PSF طلباء و طالبات میں ایجاد اور ندرت خیال کو پختہ کرنے کے جذبہ سے ہمکنار ہے ۔ پاکستان کے لوگ ذہانت کے معاملہ میں دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر ہیں ۔ ملک میں موجود توانائی کے بحران کو حل کرنے کے لیے درسگاہوں، صنعتوں اور دوسرے اداروں کا آپس میں مل جل کر چلنا بہت ضروری ہے ۔ گرین ہاوئسز اور توانائی کے کم استعمال والی اشیاء کو متعارف کروانا بہت ضروری ہے ۔ یونیورسٹی آف گجرات میں DICE 2013 کے چیف آرگنائزر اور ڈائریکٹر IT ڈاکٹر مدثر اقبال نے اس موقع پر تمام مہمانوں اور طلباء و طالبات کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں توانائی کے متبادل ذرائع تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ توانائی کی بچت کے طریقوں سے عوام کو آگاہ کرنا بہت ضروری ہے ۔ توانائی کسی بھی ملک کی معیشت میںریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتی ہے ۔ DICE کے پلیٹ فارم کا اولین مقصد درسگاہوں اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط کو پروان چڑھانا ہے ۔ ستمبر 2013 کی DICE کی تقریبات میں سو سے زیادہ یونیورسٹیاں شرکت کر رہی ہیں اور اس سلسلہ میں یونیورسٹی آف گجرات کا کردار بہت اہم ہے ۔ اس موقع پر سکول کے دو طالب علموں محمد احمد غوری اور ارشما نے بڑے جچے تلے انداز میں تقریر کرتے ہوئے توانائی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے آخر میں PSF کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعیم عباس نے تمام مہمانوں کا بڑی خوشدلی سے شکریہ ادا کیا۔ PSF کے چیئرمین ڈاکٹر منظور سومرو کی طرف سے مرغزار کالج کی لائبریری کے لیے اردو سائنس انسائیکلو پیڈیا کا ایک سیٹ پرنسپل مسز فرحت محبوب کو پیش کیا گیا ۔ تقریب کی نظامت کے فرائض طوبیٰ زینب نے سر انجام دیئے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز عروج شہزاد کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ اختتامی تقریب کے شرکاء میں EDO ایجوکیشن گجرات محمد طاہر کاشف، UOG کے رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل، چیف کوارڈینیٹرDICE پروفیسر ڈاکٹر خاور اسلام ، ڈائریکٹر سائنسز ڈاکٹر فہیم ملک، ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر فریش اﷲ، مینیجر ORIC شہزادہ بابر سول سوسائٹی کے نمائندگان، UOG کے ڈائریکٹران و فیکلٹی ممبران، مختلف کالجوں اور سکولوں کے اساتذہ اور کالجوں و سکولوں کے طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔