آئندہ کسی بھی کرپٹ، مفاد پرست اور نااہل سیاستدان کو پارلیمنٹ میں پہنچنے نہیں دیں گے، علامہ حسن ظفر نقوی
Posted on April 7, 2013 By Tahir Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا دو روزہ انٹرا پارٹی الیکشن( مرکزی تنظیمی و تربیتی کنونشن) مسجد و امام بارگاہ الصادق میں شروع ہوگیا ہے۔ کنونشن کے پہلے روز گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں کے سیکرٹری جنرلز نے کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔ اس موقع پر پاکستان بھر سے مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی شوریٰ عالی کے اراکین نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ آئندہ کسی بھی کرپٹ، مفاد پرست اور نااہل سیاستدان کو پارلیمنٹ میں پہنچنے نہیں دیں گے۔ مجلس وحدت مسلمین نے آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا حتمی فیصلہ عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے کیا ہے۔ ہمیں غرض نہیں کہ ہم کتنی نشستوں پر کامیابی حاصل کریں گے، بلکہ ہم اپنا فرض ادا کرنے کیلئے میدان میں نکلے ہیں۔
ہم جن معتدل افراد کو پارلیمنٹ میں بھیجیں گے اگر انہوں نے تشیع کے مفادات کا تحفظ نہ کیا تو تو ہم انہیں ایوانوں سے باہر بھی نکال سکتے ہیں۔ ہم نے شیعہ قوم کی سربلندی اور وطن عزیز کے تحفظ کے لئے میدان میں قدم رکھ دیا ہے اورباطل کو ذلت و رسوائی سے دوچار کریں گے۔
صوبائی سیکرٹری جنرلز علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ مختار امامی، علامہ سبیل حسن مظاہری، علامہ مقصود ڈومکی، علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی، علامہ سید تصور جوادی نے کارکردگی رپورٹس پیش کرتے ہوئے اپنے صوبوں میں درپیش مسائل سے
بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملت تشیع پاکستان کی سیاست میں فیصلہ کن رول ادا کرنے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ ہم مظلوموں کی داد رسی کرتے ہوئے ان کے دست بازو بنیں گے اور دہشتگردوں کو کسی صورت پارلیمنٹ میں نہیں پہنچنے دیں گے۔
مقررین نے پاکستان کے مختلف شہروں میں جاری اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ کی پروزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے گوش و کنار میں مظلوم اہل تشیع کا خون ناحق بہایا جارہا ہے، حکومت بے بس اور دہشتگرد بے لگام ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین آئندہ انتخابات میں بھرپور طریقہ سے وارد ہو کر ملک میں دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کے عزائم خاک میں ملا دے گی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت استعماری قوتیں آج مسلمانوں کے خلاف مکمل طور پر صف آرا ہیں۔ پاکستان میں اغیار کی مداخلت روز بروز بڑھ رہی ہے۔ تاہم مجلس وحدت مسلمین انتخابات کے ذریعے ملک میں امریکی غلاموں کے سامنے دیوار بن کر کھڑی ہوجائے گی اور امریکی غلام سیاستدانوں کو سیاسی میدان میں شکست سے دوچار کرے گی۔