لاہور (جیوڈیسک)لاہور ہائی کورٹ نے حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے تک اضافے کے خلاف درخواست پر وفاقی وزارت مذہبی امور سے گیارہ اپریل کو جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عمر عطا بندیال نے کیس کی سماعت کی ۔
درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت نے اس سال حج کے اخراجات میں ایک لاکھ روپے تک اضافہ کر دیا ہے جو غیر قانونی ہے کیونکہ دنیا بھر میں حکومتیں حجاج کرام کو خصوصی مراعات دیتی ہیں مگر اسلامی جمہوریہ پاکستان میں حج کو عام آدمی کے لیے مشکل ترین عبادت بنا دیا گیا ہے لہذا عدالت حج کے اخراجات میں ایک لاکھ روپے تک اضافے کے حکومتی فیصلے کالعدم قرار دینے کے حکم دے۔
عدالت نے قرار دیا کہ بظاہر وزارت مذہبی امور اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام نظر آتی ہے حج اہم مذہبی فریضہ ہے اس میں آسانیاں پیدا کی جائیں۔ عدالت نے وفاقی وزارت مذہبی امور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے گیارہ اپریل کو تفصیلی جواب طلب کرلیا۔