خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ برسراقتدار آکر نااہل اور کرپٹ حکمرانوں سے قوم کی لوٹی ہوئی رقوم واپس لے کر غریب عوام کے قدموں پر نچھاور کر دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبوں پر تنقید کرنے والوں کا اصل دکھ یہ ہے۔
کہ ہم نے یہ خطیر وسائل غریب آدمی کی حالت بہتر بنانے پر کیوں صرف کیے۔ میٹرو بس، لیپ ٹاپ سکیم اور دانش سکولوں پر تنقید کرنے والوں کے منہ سے آج تک کھربوں روپے کے قرضے معاف کروانے، پنجاب بنک پر ڈاکہ زنی کرنے اور سٹیل ملز لوٹنے والوں کے خلاف ایک لفظ نہیں نکلا۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پانچ برس تک ملک کو کرپٹ اور بدعنوان افراد کو ٹھیکے پر دیئے رکھا۔ اس کے برعکس حکومت پنجاب نے ان پانچ برسوں میں قومی خزانے کی ایک ایک پائی کو عام آدمی کی بہبود کے لیے صرف کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان بھر میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو بے مثال عوامی حمایت مل رہی ہے۔ ٹکٹوں کے لیے اتنی بڑی تعداد میں درخواست گزاروں کی وجہ سے امیدواروں کے انتخاب میں مشکل پیش آ رہی ہے۔
خادم پنجاب نے کہا کہ آئندہ انتخابات سے پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے اور پاکستان مسلم لیگ ن کی خوش قسمتی ہے کہ اسے میاں محمد نواز شریف جیسا ویژنری قائد میسر ہے۔ کسی مخالف جماعت کے پاس اس قدوقامت کا کوئی لیڈر موجود نہیں۔