جارج واشنگٹن، ہٹلر اور مارلن منرو اوردیگر شخصیات کے خطوط کی نیلامی

World Letterauction

World Letterauction

کیلی فورنیا(جیوڈیسک)امریکا کے پہلے صدر جارج واشنگٹن، جرمنی کے حکمراں ایڈولف ہٹلر اور اداکارہ مارلن منرو سمیت متعدد معروف شخصیات کے خطوط سمیت دیگر تاریخی دستاویزات اگلے مہینے نیلام کی جائیں گی۔امریکی ریاست لاس اینجلس کے پروفائل ان ہسٹری نامی نیلام گھر میں امریکا کے سابق صدور ،موسیقاروں ،مصنفوں اور اداکاروں کے لکھے خطوط نیلامی کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے خطوط میں برطانوی گلوکار جان لینن کا پال مکارتنی کو لکھا گیا خط 40 ہزار سے 60 ہزار ڈالر میں فروخت ہونے کا امکان ہے۔ امریکی اداکارہ مارلن مونرو کا اداکار لی اسٹرسبرگ کو لکھا خط بھی شامل ہے جو 30 ہزار ڈالر میں فروخت ہونے کا امکان ہے۔منتظمین کو امید ہے کہ 250 سے زائد خطوط اور دیگر تاریخی اشیا کی نیلامی سے 50 لاکھ ڈالر حاصل ہوسکیں گے۔

مجموعے میں امریکی مصنف اور صحافی آرنسٹ ہمنگ وے ، شاعر رالف ولڈو ایمرسن ،مصنفہ ہیلن کیلر ،مفکر کال مارکس اور برطانیہ کے سابق وزیراعظم ونسٹن چرچل کے خطوط شامل ہیں۔ چمڑے سے بنا تصویری البم جس میں اٹلی کے سیاست دان مسولینی اور جرمنی کے ایڈولف ہٹلر کی تصاویر ہیں اسے بھی نیلامی میں شامل کیا گیا ہے۔ ان تمام اشیا کی نیلامی لاس اینجلس کے پروفائلز ان ہسٹری آکشن ہاس میں 30 مئی کو ہوگی۔