کراچی : ریٹرننگ افسروں کو مزے کرانے کیلئے گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ

Karachi Vehicle

Karachi Vehicle

کراچی(جیوڈیسک)شہر میں پولیس کے باوردی اور سادہ لباس اہلکاروں نے سرکاری اور پرائیویٹ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ شرو ع کرکے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس ریٹرننگ افسران کیلئے گاڑیاں پکڑ رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کی اہم سڑکوں شارع فیصل،ایم اے جناح روڈ یونیورسٹی روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ سے پولیس کے باوردی اور سادہ لباس اہلکار سرکاری اور پرائیویٹ نمبر پلیٹ کی گاڑیوں کو روکتے ہیں اور ان میں سوار افراد کو اتارتے ہیں اور گاڑی کو کار سرکار میں استعمال کا کہہ کر لے جاتے ہیں۔

پولیس گردی کے شکار ایک سرکاری افسر نے الزام لگایا کہ اس کی کار GP-9614ڈپٹی کمشنر ساوتھ مصطفی جمال قاضی کے لیے پکڑی گئی اور ان کے پاس ہے۔ ذرائع کے مطابق پکڑی گئی زیادہ تر گاڑیاں سٹی کورٹ میں کھڑی ہیں اور افسران بیگارمیں پکڑی گئی گاڑیوں سے مزے کررہے ہیں۔

جبکہ پولیس کے پاس اس سلسلے میں سرکاری احکامات بھی نہیں ہیں ،الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق گاڑیاں پکڑنے کے احکامات جاری نہیں کیے گئے ،الیکشن کمیشن نے حکومت سندھ کو صرف ریٹرننگ افسران کو سہولتیں دینے کی ہدایت کی تھی۔