کراچی(جیوڈیسک)کراچی گلستان جوہر کے علاقے رابعہ سٹی میں رہائشی فلیٹوں میں رینجرز کا سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ بلدیہ ٹاون کے علاقے اتحاد ٹاون میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے 18 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
گلستان جوہر میں آپریشن کے دوران رینجرز اہلکار گھر گھر چھاپے مار رہے ہیں۔ آپریشن میں خواتین اہلکار اور کمانڈوز بھی حصہ لے رہے ہیں۔ رینجرز ذرائع کے مطابق علاقے میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاعات پر یہ آپریشن کیا جارہا ہے۔ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
جبکہ لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ متعد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب رات گئے بلدیہ ٹاون کے علاقے اتحاد ٹاون میں پولیس نے رپیڈ ریزو فورس کے اہلکاروں کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا،جس کے دوران 18 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا،کارروائی کے دوران 8 ٹی ٹی پستول،4 ٹینس بال بم اور7 کلوگرام وزنی پریشر کوکربم بھی ملا ہے۔
ڈی ایس پی رستم نواز نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کاروائی کے دوران پکڑے گئے افراد کاتعلق کالعدم جماعتوں سے ہے،جبکہ ملزمان کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے نام پر بھتہ وصولی بھی کرچکے ہیں، ملزمان جرائم کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ ڈی ایس پی رستم نواز نے دعوی کیا کہ ملزمان بلدیہ ٹاون اسکول دھماکے اور پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔