وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب خان نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کے التوا میں پڑے ہوئے تمام پاسپورٹس کا جلد ازجلد اجرا کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے پاسپورٹس اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز کے اچانک دورے کے موقع پر کہی۔
اس موقع پر انہوں نے پاسپورٹ آفس کے مختلف شعبوں کی کارکردگی، پاسپورٹس کی چھپائی اور تقسیم کار کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ عوام ے مسائل ے حل کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ پاسپورٹس اینڈ امیگریشن ڈپارٹمنٹ میں ڈپیوٹیشن پر آئے افسران کو ان کے محکموں میں واپس بھیجا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نااہل اور کرپٹ حکام جن پر محکمانہ کارروائی کے بعد جرم ثابت ہو جائے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس کے علاوہ وفاقی سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن پاسپورٹس کے اجرامیں تاخیر کے حوالے سے وفاقی محتسب کی بنائی گئی چار رکنی کمیٹی سے مکمل تعاون کریں۔