ایم کیو ایم کے رہنما نبیل گبول کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں، جس کی وزارت داخلہ نے نشاندہی ایک خط کے ذریعے کردی ہے، جس کے باوجود انہیں سیکیورٹی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق تین روز قبل وفاقی وزارت داخلہ نے پیپلزپارٹی چھوڑ کر ایم کیو ایم میں حال ہی میں شامل ہونے والے نبیل گبول کو آگاہ کیا ہے کہ ان کی جان کو شدید خطرات ہیں، لہذ ا وہ اپنی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں اس خط کی کاپی آئی جی سندھ پولیس، اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کو بھی فراہم کی گئی ہے ۔
اے آروائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے نبیل گبول کا کہنا تھا کہ وہ دو روز سے آئی جی سندھ اور ایس پی فرنٹیئر کانسٹیبلری سندھ کو فون کررہے ہیں تاحال انہیں سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ وزارت داخلہ کی جانب سے انہیں خط موصول ہوگیا ہے، جس کے بعد ان کے پاس جو چند فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار تھے، انہیں بھی واپس لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں سیکیورٹی فراہم کی جائے ۔